ایف پی سی سی آئی کے بزنس مین پینل نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے

گروپ کی مکمل ری ا سٹرکچرنگ کر دی گئی، غلام علی صدارتی امیدوار ہونگے

جمعرات 27 اگست 2015 18:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)ایف پی سی سی آئی کے بزنس مین پینل نے انتخابات میں برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ کو ٹف ٹائم دینے کا پلان بنا لیا ہے۔الیکشن مہم شروع کر دی گئی ہے۔ادھر مختلف چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے رابطوں کے علاوہ بزنس مین پینل کی مکمل ری ا سٹرکچرنگ کی گئی ہے جسکے تحت طارق سعید کو گروپ کا سرپرست، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر سلطان چاولہ کو چئیرمین، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زکریا عثمان کو چئیرمین صوبہ سندھ، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر غلام علی کو چئیرمین صوبہ خیبر پختونخواہ، معروف بزنس میں اور پاکستان کے تیسرے بڑے ٹیکس دھندہ انجم نثار کو چئیرمین صوبہ پنجاب اورایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر نوید جان بلوچ کو چئیرمین صوبہ بلوچستان مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بزنس مین پینل کے رہنماؤں کی اکثریت سینیٹرحاجی غلام علی کو انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدوار عبدالرؤف عالم کے مد مقابل لانے کی خواہاں ہے تاکہ فتح یقینی ہو جائے۔ ادھر بزنس مین پینل کے مرکزی رہنما اورایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدرخرم سعیدنے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے میرٹ ، جمہوریت اور قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اسلام آباد کے عبدالرؤف عالم کو سال 2016 کیلئے ایف پی سی سی آئی کا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ ڈکٹیٹرشپ کی بد ترین مثال ہے کیونکہ اس سلسلہ میں نہ تو کوئی اجلاس بلایا گیا نہ کور کمیٹی کو اعتماد میں لیا گیا نہ گروپ کے کسی دوسرے رکن کو مقابلہ میں آنے کی اجازت دی گئی۔خرم سعید نے کہا کہ عبدالرؤف ثانوی تعلیمیافتہ اور قائدانہ صلاحیتوں سے محروم ہیں اور انکا سارا تجربہ اسلام آباد شپر مارکیٹ میں عالم ٹیلرز کی دکان میں کام کرنے تک محدود ہے۔ وہ اعلیٰ حکام اور سفیروں سے ملاقاتوں اور بیرون ملک دوروں میں پاکستان کی نمائندگی کے بجائے جگ ہنسائی کا سبب بنیں گے۔ `