حکومت جاپان کی مالی امداد سے پنڈ بگوال میں تعمیر ہونے والے سکول ہاؤس آف لائٹ کا افتتاح

جمعرات 27 اگست 2015 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)حکومت جاپان کی مالی امداد سے اسلام آباد کے مضافاتی علاقے پنڈ بگوال میں تعمیر ہونے والے سکول ہاؤس آف لائٹ کا افتتاح پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی انوماتا نے کیا، اس سکول کی تعمیر کیلئے حکومت جاپان نے ایجوکیشن سیکٹر میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ہورائزن انٹرنیشنل ٹرسٹ کو گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس پروگرام(جی جی پی) کے تحت 107,080یو ایس ڈالرز کی مالی امداد فراہم کی تھی، نئے تعمیر ہونے والے سکول کو اس طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ پری سکول سے ایلیمنٹری لیول کے تقریباً5بچے تعلیم حاصل کر سکیں، اس منصوبے کی وساطت سے علاقے کے بچے ،بچیوں کو نہ صرف تعلیم حاصل کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ اس سے علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر ہروشی انوماتا نے قوموں کی ترقی میں بنیادی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ منصوبے سے نہ صرف علاقے کے بچوں کی فلاح و بہبود ہو گی بلکہ جاپان اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

جی جی پی پروگرام حکومت جاپان کے اس یقین کی نشاندہی کرتا ہے کہ آج کی دنیا کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر ترقیاتی امداد کو صرف حکومتوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ سول سوسائٹی کے ذریعے نچلی سطح تک منتقل کیا جائے،1989ء میں شروع ہونے والے جی جی پی پروگرام کے تحت حکومت جاپان اب تک پاکستان میں 340منصوبوں کیلئے 2.4بلین جاپانی ین فراہم کر چکی ہے۔