Live Updates

سردارایاز صادق اور صدیق بلوچ کی نشستوں کے حوالے سے ضمنی انتخابات میں جائیں گے ، مسلم لیگ(ن) ایک بار پھر کامیابی سے ہمکنار ہوگی،جہانگیر ترین اور عمران خان کو انتخابات سے کبھی بھی فرار ہونے کا راستہ نہیں دیں گے،عمران خان میں عوام کا سامنا کرنے کی جرات نہیں ، وہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سازشیں کرتے ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشیدکی پروفیسر احسن اقبال کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 21:18

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ٹربیونل کے حالیہ فیصلوں کے بعد سردارایاز صادق اور صدیق بلوچ کی نشستوں کے حوالے سے ضمنی انتخابات میں جائیں گے ، مسلم لیگ ایک بار پھر کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ جمعرات کو وفاقی وزیرپروفیسر احسن اقبال کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر عوام کی عدالت میں حاضر ہوگی جیسے کہ 2013ء کے انتخابات میں حاضر ہوئی تھی اور ایک بار پھر عوام کی عدالت سے کامیابی کی تصدیق کی مہر حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہری پور کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پہلے کے مقابلے میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد ہری پور میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی زیر نگرانی اور پولیس اور پٹوار کی سربراہی میں ہونے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے مسلم لیگ (ن) کے امیداوار کے مقابلے میں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے 47ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین ، ایاز صادق اور صدیق بلوچ والے حلقے سے الیکشن لڑیں ہم ایک بار پھر کامیابی سے ہمکنار ہوں گے اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب اب الیکشن کمیشن پر الزامات پر ضمنی انتخابات سے فرار حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جماعت نے اسی الیکشن کمیشن کے تحت ہری پور اور دیگر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور اسی الیکشن کمیشن کے نتائج کو تسلیم کیا اور انہیں انتخابات کو اپنی مقبولیت قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب الیکشن کمیشن پر الزامات لگا کر ضمنی انتخابات سے رائے فرار نہیں اختیار کرسکتے۔ عمران خان اور جہانگیر ترین ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف الیکشن لڑ کر دیکھ لیں یہ ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے کیونکہ اب جہاں بھی الیکشن ہوتے ہیں ہر ڈبے سے شیر نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2002ء میں وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف کی عدم موجودگی میں الیکشن میں حصہ لیا اور صرف ایک نشست حاصل کی اور اس نشست کے حوالے سے پرویز مشرف کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے عمران خان کو نشست دی اور عمران خان خود بتائیں کہ اس نے 2002ء کے الیکشن میں حصہ لے کر کتنی نشستیں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں انتخابات لڑنے کا حوصلہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے الیکشن میں نوازشریف اور شہبازشریف کو آمریت نے انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا اور انہیں انتخابات سے باہر رکھا اور ہماری جماعت نے پارٹی رہنماؤں کے بغیر الیکشن لڑا اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میں عوام کا سامنا کرنے کی جرات نہیں ہے۔

وہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سازشیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ملک کیلئے اہم فیصلے کرتے ہیں تو عمران خان شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اعلان کیا۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب اور کراچی جیسے اہم آپریشن کے بڑے فیصلے کئے۔

عمران خان نے اس وقت سازشیں شروع کر دیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس دفعہ بھی منہ کی کھانی پڑے گی اور اسے ضمنی انتخابات میں عوام کی طرف سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جہانگیر ترین اور عمران خان کو انتخابات سے کبھی بھی فرار ہونے کا راستہ نہیں دیں گے۔ انہوں نے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کرکے عوام کے دو قیمتی سال ضائع کئے ہیں اب الیکشن سے فرار کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔

خواجہ سعد رفیق کے معاملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے اوروہ ملک سے باہر ہیں جب واپس آئیں گے توان کے معاملہ کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف اور صرف ریکارڈ کی درستگی کیلئے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ ہم نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ ایم کیو ایم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ جو تفصیلات طے ہوئی ہیں وہ وزیراعظم نوازشریف کے علم میں ہیں اور ایم کیو ایم کے پاس مسودہ موجود ہے وہ اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے اور ہم ان کے جواب کے منتظر ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سردار ایاز صادق کے وکیل خواجہ حارث ملک سے باہر ہیں وہ اگلے ماہ کی 7 تاریخ کو ملک واپس آئیں گے اور سردار ایاز صادق صرف ریکارڈ کی درستگی کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے لیکن کوئی حکم امتناعی حاصل نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح مسلم لیگ کے رہنما صدیق بلوچ بھی ریکارڈ درستگی کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان اور جہانگیر ترین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ الیکشن میں حصہ لیں تاکہ ان کی سچائی کے بارے میں عوام کو پتہ چلے۔

اس موقع پر منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سردار ایاز صادق کی نشست پر عمران خان کے خلاف کامیابیوں کی ہیٹرک کریگی ، اسے شکست دے کر مسلم لیگ(ن) کو کامیابی دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اکثر تھرڈ ایمپائر کا واویلا کرتے رہتے ہیں اور وہ سیاسی میدان میں ادھر ادھر تھرڈ ایمپائر کو تلاش کرتے رہتے ہیں۔

لیکن پاکستان مسلم لیگ ن کا تھرڈ ایمپائر پاکستان کی عوام ہیں اور یہ عوام مسلم لیگ (ن) کی پشت پر اور عوام آئندہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ پاکستانی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے جس کا ثبوت 14 اگست کی تقریبات ہیں جن میں عوام نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام میں خوشیاں بانٹنا چاہتی ہے لیکن عمران خان کو یہ خوشیاں پسند نہیں اور وہ ان میں خلل ڈالنے کیلئے سازشیں کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سازشیں مسلم لیگ کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کے خلاف ہیں اور ان کا ہم ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے ہر شعبے میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور کسی کے خلاف انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات