لڑکی قبر میں زندہ ہوئی، گھر والوں کے قبر کھودنے سے پہلے دوبارہ مرگئی

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 27 اگست 2015 22:45

لڑکی قبر میں زندہ ہوئی، گھر والوں کے قبر کھودنے سے پہلے دوبارہ مرگئی

ہونڈرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2015ء)ہونڈرس کے ایک خاندان والے قبر میں اپنی نوجوان لڑکی کی آوازیں سن کر دوڑے، قبر کھودی مگر وہ لڑکی مردہ حالت میں ملی۔ تفصیلات کے مطابق 16 سالہ نیسی پیریزنئی شادی شدہ اور حاملہ تھی کہ اپنےگھر میں اچانک گری اور اس کے منہ سے جھاگ نکلنے لگی۔ پیریز کی ماں نے سمجھا کہ اس کی بیٹی پر بدروحوں نے قبضہ کر لیا ہے، اس نے جھاڑ پھونک کرنے والے کو بلایا مگر کچھ کام نہ آیا۔

اس کے بعد اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئے تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس کے گھر والوں نے اسے شادی کے جوڑے میں ہی دفنا دیا۔اگلے دن اس کے گھر والوں نے قبر میں سے آوازیں سنی تو فوراً قبر پھاڑنے کو دوڑے۔پیریز کے شوہر روبی گونزیلز نے بتایا کہ جیسے ہی میں نے اس کی قبر پر ہاتھ رکھا مجھے چیخنے اور چلانے کی آوازیں آئیں۔

(جاری ہے)

ہونڈرس کے مقامی ٹی وی اسٹیشن نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر یوٹیوب پر شیئر بھی کی ہےجس میں لڑکی کے شوہر کو قبر کھودتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

جب لڑکی کا تابوت کھولا گیا تو وہ بے حس و حرکت تھی، چھو کر دیکھا گیا تو اس کی جلد کافی ٹھنڈی تھی۔مگر اس کے باوجود اسے دوبارہ سے ڈاکٹروں کے پاس لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے گھر والوں کے اصرار پر دوبارہ اس کا معائنہ کیا اور کہا یہ کہ مردہ ہی ہے۔ پیریز کے گھر والوں کو یقین ہے کہ اُن کی بیٹی کو جب پہلی بار دفن کیا گیا اُس وقت وہ زندہ تھی۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دینے میں جلدی کی، قبر میں زندہ ہو کر وہ دوبارہ مری ہے۔پیریز کے گھر والوں نے کہا کہ جب انہوں نے تابوت کھولا تو منہ دیکھنے والا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا اس کے ساتھ ہی لڑکی کی انگلی پر بھی نیل پڑا ہوا تھا۔