آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی، ابتدائی 20بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں

جمعہ 28 اگست 2015 12:44

آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی، ابتدائی 20بیٹسمینوں میں کوئی ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) آنٹر نیشنل کر کٹ کو نسل (آئی سی سی ) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی۔ رینکنگ میں ابتدائی 20بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں جبکہ ٹاپ 50 میں صرف تین کھلاڑی شامل ہیں، جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ سے تیسری پوزیشن چھین لی‘ آسٹریلیا بدستور پہلے‘ بھارت دوسرے‘ ساؤتھ افریقہ تیسرے اور پاکستان آٹھویں نمبر پر براجمان ہے۔

بیٹسمینوں کی رینکنگ میں ساؤتھ افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز پہلے‘ سری لنکا کے کمار سنگا کارا دوسرے اور ہاشم آملہ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ باؤلروں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل سٹارک پہلے‘ جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد عمران طاہر دوسرے‘ ویسٹ انڈیز کے سنین نارائن تیسرے اور پاکستانی سعید اجمل آٹھویں نمبر پر براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والی ون ڈے پلیئرزرینکنگ پاکستان کیلیے لمحہ فکریہ ہے، ہیئر اسٹائل، شرٹس اورچشموں سے پڑوسی ملک کے سپر اسٹارز کی نقل کرنے والے پلیئرزکا کھیل کے میدان میں حریفوں سے کوئی مقابلہ نہیں لگتا۔

ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں ہے۔ سب سے ہائی رینکنڈ محمد حفیظ27 ویں نمبر پر فائز ہیں، احمد شہزاد کا 29 ویں نمبر ہے، ٹاپ 50 بیٹسمینوں میں شامل تیسرے پاکستانی کپتان اظہر علی41 ویں درجے پر براجمان ہیں۔ ویرات کوہلی 2 درجے ترقی پاکرچوتھے نمبر پرچلے گئے، ابراہم ڈی ویلیئرزٹاپ پر موجود ہیں، کمار سنگاکارا اگرچہ دوسری پوزیشن پر ہیں مگر چونکہ وہ ریٹائر ہوچکے اس لیے ان کا نام آخری مرتبہ رینکنگ کا حصہ بنا ہے۔

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل چار درجے بہتری سے 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔بولرز میں ٹاپ پر آسٹریلیا کے مچل اسٹارک موجود ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر بولنگ کی وجہ سے تین درجے بہتری نے جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر کو دوسرے نمبر پرپہنچا دیا۔ بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی لگنے اور اس کے بعد ٹیم سے ڈراپ ہوئے کئی ماہ گزرنے کے باوجود سعید اجمل اپنی ماضی کی شاندار پرفارمنس کی بنیاد پر آٹھواں نمبر برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

اگرچہ حفیظ 16 ویں پوزیشن پر ہیں مگر غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے ایک برس کیلیے ان کی بولنگ پر پابندی عائد ہوچکی، محمد عرفان کا 17 واں نمبر ہے۔ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن بھی چھین لی، اب کیویز چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا ٹاپ اور بھارت دوسرے درجے پر ہے، پاکستانی ٹیم 90 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر براجمان ہے،اس سے آگے موجود بنگلہ دیش کے 96 پوائنٹس ہیں۔