پی سی بی کا قائد اعظم ٹرافی کے کوالیفائنگ راوٴنڈ میں ریجنل ٹیموں کو کٹس نہ فراہم کرنے کا فیصلہ

جمعہ 28 اگست 2015 12:46

پی سی بی کا قائد اعظم ٹرافی کے کوالیفائنگ راوٴنڈ میں ریجنل ٹیموں کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) پاکستان کر کٹ بورڈ کا بھارت کے ساتھ سیریز کے منسوخ ہونے سے مالی خسارے کا غصہ ریجنل ٹیموں پر نکالنے لگا ۔پی سی بی نے قائد اعظم ٹرافی کے کوالیفائنگ راوٴنڈ میں ریجنل ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 160 کھلاڑیوں کو کٹس نہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔17 ستمبر سے ملک بھر میں شروع ہونے والے کوالی فائنگ راوٴنڈ میں شریک ٹیموں میں بہاولپور، لاہور بلیوز، سیالکوٹ، ملتان، کراچی بلیوز، فیصل آباد، فاٹا اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ریجنل باڈیز کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور چونکہ بورڈ نے ابھی تک ریجنز کیلئے سپانسر فراہم کرنے کا پروگرام فائنل نہیں کیا لہذا ریجنل باڈیز کو کٹس خریدنے کیلئے فنڈز جمع کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم پی سی بی قائد اعظم ٹرافی کے فائنل راوٴنڈ اور راولپنڈی میں یکم ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے کٹس فراہم کرے گا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی سی بی کی ریجنل باڈیز کیلئے سپانسر شپ حاصل کرنے کی پہلی کوشش ناکام رہی ہے کیونکہ کوئی بھی سپانسر بولی میں بورڈ کی طے شدہ کم سے کم قیمت دو کروڑ دینے کو تیار نظر نہیں آیا۔تاہم اطلاعات ہیں کہ مختلف سپانسرز کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور اس ضمن میں کراچی ریجن کو ایک مقامی سپانسر سے اچھی پیشکش ملی ہے۔