عامر خان باکسنگ سیاست کی نذر ہوگئے ، باکسنگ ہیروز سے دور رکھ کر فوٹو سیشن ، ذاتی پبلسٹی تک محدودرکھا گیا ، انٹرنیشنل ریفری جج علی اکبر شاہ

جمعہ 28 اگست 2015 12:49

عامر خان باکسنگ سیاست کی نذر ہوگئے ، باکسنگ ہیروز سے دور رکھ کر فوٹو ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)انٹرنیشنل باکسنگ ریفری جج علی اکبر شاہ نے کہا ہے کہ برطانوی باکسر عامر خان کو باکسنگ ہیروز سے دور رکھ کر صرف فوٹو سیشن اور ذاتی پبلسٹی تک محدود رکھاگیا ہے،وہ لیاری کے بجائے صرف پیپلز اسٹیڈیم ہی جاسکے۔ عامر خان ذاتی طور پر بہت ملنسار انسان ہیں اور پاکستانی باکسروں کیلئے واقعی کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ باکسنگ کی سیاست کی نذر ہوگئے۔

علی اکبر شاہ نے بتایا کہ لیاری میں بابائے باکسنگ مرحوم استاد محمد ستو کا چاکیواڑہ میں لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر کے نام سے باکسنگ کلب قیام پاکستان سے بھی پہلے سے آج تک موجود ہے اور1948اور 1952ء کے اولمپک گیمز میں اسی کلب کے باکسروں اور کوچ کو نمائندگی کا شرف حاصل ہوا۔ استاد محمد ستو وہ شخصیت تھے جنہوں نے 45برس تک دنیائے باکسنگ پر حکمرانی کرنے والی شخصیت پروفیسر انور چوہدری کو باکسنگ کے میدان میں متعارف کروایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ لیاری کی حدود کے اندر ہی پاکستان کا دوسرا بڑا باکسنگ کلب مسلم آزاد کے نام سے مولانا محمد علی جوہر پارک ککری گراؤنڈ میں موجود ہے اور اس کلب نے پاکستان کو سب سے زیادہ اولمپیئن اور انٹرنیشنل باکسر دیئے ،اولمپیئن خان محمد،محمد علی ممی،جان بلوچ،اصغر علی شاہ،مہر آ لاسی اس کی مثال ہے۔