اسلام آباد بلدیاتی انتخابات؛ الیکشن کمیشن نے تفصیلی شیڈول جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 28 اگست 2015 13:56

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 28 اگست 2015 ء) : الیکشن کمیشن نے وفاقی دارلحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیاہے جس کے تحت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 30نومبر کو ہوں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 24سے 27اکتوبر تک جمع کروائے جائیں گے ،کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 31اکتوبر سے 4نومبر تک مکمل کیا جائے گا جس کے بعد کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 5 سے 6 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی،اپیلوں پر فیصلے 7 سے 9 نومبر تک سنائیں جائیں گے جبکہ 10 نومبر کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

بلادیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرستیں الیکشن کمیشن کی جانب سے11نومبر کو جاری کی جائیں گی جس کے بعد 30نومبرکو بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہو گی۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان 30 دسمبر کو کیا جائے گا. الیکشن کمیشن کی جانب سے تفصیلی شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی فہرستیں منجمد کر دی گئی ہیں جبکہ ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم، صدر اور وفاقی وزرا کسی قسم کی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان نہیں کر سکیں گے۔ جبکہ الیکشن مہم میں سرکاری وسائل کا استعمال بھی جرم ہوگا۔