الیکشن کمیشن نے 30نومبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا

جمعہ 28 اگست 2015 14:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن نے 30نومبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا اور نتائج کا اعلان تین دسمبر کو کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 24سے 27اکتوبر تک وصول کئے جائیں گے، 31اکتوبر سے چار نومبر تک ان کی جانچ پڑتال ہوگی۔

کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں 5اور6نومبر کو دائر کی جا سکیں گی۔ان اپیلوں کے فیصلے 7سے 9نومبر تک ہوں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 11نومبر کو جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق انتخابات کے لئے پولنگ 30نومبر کو ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن شیڈول جاری کیا گیا تھا لیکن بلدیاتی انتخابات کا قانون پارلیمنٹ سے منظور نہ ہونے کے باعث وہ شیڈول واپس لے لیا گیاتھا جس پر امیدواروں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی تھی۔

توقع ہے کہ یہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جو منظور شدہ قانون کا تقاضا ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین او روائس چیئرمین کے لئے مشترکہ امیدوارہی کاغذات جمع کر اسکیں گے۔ان انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جو 22اکتوبر تک مکمل کر لیاجائے گا۔