کپل شرما کی بطور ہیرو پہلی فلم 25 ستمبر کو ریلیز ہوگی

جمعہ 28 اگست 2015 16:50

کپل شرما کی بطور ہیرو پہلی فلم 25 ستمبر کو ریلیز ہوگی

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی مشہور ہدایت کار جوڑی عباس ، مستان اپنی نئی فلم میں بھارتی ٹی وی چینلز کے معروف کامیڈین کپل شرما کو بطور ہیرو لانچ کر رہے ہیں۔ بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کو دئیے گئے انٹرویو میں عباس، مستان کا کہنا تھا کہ انھوں نے فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کو اس وقت چانس دیا جب وہ بالی ووڈ میں نئے تھے اور آج شاہ رخ ایک سپر سٹار ہیں، بالکل اسی طرح اب وہ کپل شرما کو لانچ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 1993 میں شاہ رخ خان نے عباس مستان کی فلم “بازی گر” میں یادگار رول کیا تھا جسے ان کے کیریئر کا “بریک تھرو” کردار بھی قرار دیا جاتا ہے اور اس فلم میں اداکاری پر شاہ رخ کو بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ عباس، مستان کا کہنا ہے کہ انھوں نے جب کامیڈی فلم بنانے کا سوچا تو ان کے ذہن میں صرف کپل شرما کا ہی نام آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “جب تک فلم کے لیے اداکار کا نام فائنل نہیں ہوجاتا، ہم سکرپٹ کو آگے نہیں بڑھاتے اور کپل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہمیں اس بات کا یقین تھا کہ صرف وہ ہی اس کردار سے انصاف کرسکتے ہیں۔