سلور سٹون موٹو جی پی پریکٹس ریس ہسپانوی رائیڈر جارج لورینزو کے نام

ہفتہ 29 اگست 2015 11:19

سلور سٹون موٹو جی پی پریکٹس ریس ہسپانوی رائیڈر جارج لورینزو کے نام

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 29اگست۔2015ء) ہسپانوی رائیڈر جارج لورینزو نے سلور سٹون موٹو جی پی پریکٹس ریس میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سپین کے ہی مارک مارکوئز دوسرے، برطانیہ کے بریڈلے سمتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ ہسپانوی رائیڈر جارج لورینزو سلور سٹون موٹو جی پی گراں پری پریکٹس ریس میں کم وقت میں لیپ مکمل کرکے سب سے تیزترین رہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے سلور سٹون سرکٹ پر ہونے والی پریکٹس ریس میں مختلف ممالک کے 15 رائیڈرز نے حصہ لیا جس میں رائیڈرز نے ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں خوب موٹر سائیکل دوڑائے۔

سپین سے تعلق رکھنے والے اور موٹو جی پی کے ورلڈ چیمپئن جارج لورینزو سب سے پہلے لیپ ختم کرکے پریکٹس ریس کے فاتح قرار پائے۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ اور 2.338 سیکنڈ میں طے کیا۔ سپین سے ہی تعلق رکھنے والے مارک مارکوئز دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ اور 2.371 سیکنڈ میں طے کیا۔ برطانیہ کے بریڈلے سمتھ 2 منٹ 2.531 سیکنڈ میں لیپ مکمل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔ سلور سٹون موٹو جی پی گراں پری ریس کل ہوگی ۔