فوک سنگرپرویزمہدی کو مداحوں سے بچھڑے10 سال بیت گئے

ہفتہ 29 اگست 2015 13:03

فوک سنگرپرویزمہدی کو مداحوں سے بچھڑے10 سال بیت گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) ملک کے معروف غزل گو اور فوک سنگر پرویز مہدی کی دسویں برسی آج منائی جارہی ہے،نامور غزل گائیک پرویز مہدی کا اصل نام پرویز حسن تھا جو اگست انیس سو اڑتالیس کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ شہنشاہ غزل مہدی حسن کی شاگردی اختیار کرنے کے بعد انہوں نے اپنا نام پرویز مہدی رکھ لیا۔

(جاری ہے)

ستر کی دہائی میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے پرویز مہدی نے غزل گائیکی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

پرویز مہدی نے اپنے منفرد انداز سے غزل گائیکی کو جلا بخشی اور اپنے وقت کے نامور گلوکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔'میں جانا پردیس' نے پرویز مہدی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ پرویز مہدی کی شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔ انتیس اگست دوہزار پانچ کو وہ مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے لیکن ان کی گائی ہوئی غزلیں اور گیت آج بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں۔