سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مایوس پی ایچ ایف حکام نے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کا منصوبہ بنا لیا

ہفتہ 29 اگست 2015 13:26

سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مایوس پی ایچ ایف حکام نے نیا ٹیلنٹ تلاش ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مایوس پی ایچ ایف حکام نے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کا منصوبہ بنا لیا، نئی سلیکشن کمیٹی اورجونیئر ٹیم مینجمنٹ تشکیل دے کر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کے آتے ہی فیڈریشن میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، آئندہ 2 سے تین روز میں بڑے فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیڈریشن سالہا سال سے قومی ٹیم کا حصہ رہنے والے بعض کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش نہیں اور چاہتی ہے کہ مرحلہ وار ان سے جان چھڑا کر نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لایا جائے۔منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی سلیکشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سلیکٹرز کوملک بھر کے دورے کر کے گراس روٹ سطح سے نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کی ہدایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں گرین شرٹس کی مایوس کن کارکردگی کے بعد اصلاح الدین نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا، بعد ازاں اپنے باس کی پیروی کرتے ہوئے خالد بشیر اور ایاز محمود بھی سلیکشن کمیٹی سے علیحدہ ہو گئے تھے۔ چیف سلیکٹر کے لیے شہناز شیخ، منظور جونیئر اور شہباز سینئر سمیت بعض سابق اولمپئنز کے ناموں پر غور جاری ہے۔

شہنازشیخ ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے تیار نہ تھے، فیڈریشن کے ایک اعلی عہدیدار نے سابق اولمپئن کو اس شرط پر راضی کیا کہ مستقبل میں انھیں نئی ذمہ داری دی جائے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کا رواں برس کوئی انٹرنیشنل ایونٹ شیڈول نہیں ہے، اس لیے پہلے مرحلے میں پی ایچ ایف جونیئر ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کرے گی، ذرائع کے مطابق جونیئر چیف کوچ کا قرعہ طاہر زمان یا قمر ابراہیم میں سے کسی ایک کے نام نکلنے کا امکان ہے۔