اسرار احمد کی کامیابی سکواش کے سنہری دور کی واپسی ہے ، عامر نواز

ہفتہ 29 اگست 2015 13:28

اسرار احمد کی کامیابی سکواش کے سنہری دور کی واپسی ہے ، عامر نواز

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں اسرار احمد کی کامیابی کو کھیل کے سنہرے دور کی جانب واپسی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسرار احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ایک سال مزید محنت کرنے سے سینئر کی سطح پر بھی کئی ٹائٹلزدوبارہ پاکستان آ جائیں گے، ناصر اقبال، فرحان زمان کے بعد طیب اسلم، عاصم خان اور اسرار احمد جیسے ہونہار کھلاڑیوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں، انھیں بہترین ٹریننگ کے ساتھ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کررہے ہیں، مارچ تک ناصر اقبال اور فرحان زمان کو ٹاپ 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

عامر نواز نے کہا کہ عاصم خان کی بیماری کے سبب ایران میں منعقدہ ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں واحد پاکستانی اسرار احمد نے شرکت کی،وہ ٹائٹل فاتح کے روپ میں سامنے آئے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، اب فیڈریشن کی محنت سے اس میں نکھار بھی آرہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر فیڈریشن کی جانب سے ہدایت ہے کہ کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت یقینی بنایا جائے تاکہ رینکنگ بہتر ہوسکے۔