براہمداغ بگٹی کا مذاکرات پر آمادہ ہونا بڑی کامیابی ہے ‘جلد مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے ‘عبد المالک بلوچ

ہفتہ 29 اگست 2015 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ براہمداغ بگٹی کا مذاکرات پر آمادہ ہونا بڑی کامیابی ہے ‘ صوبائی اور وفاقی حکومت کو جلد مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے ‘ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے ‘ اسے سیاسی انداز سے ہی حل کرنا ہوگا ‘بریک تھرو کے پیچھے سیاسی و فوجی قیادت کی کاوشیں شامل ہیں۔

ایک انٹرویومیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں مجھے ناراض بلوچ رہنماوٴں کو منانے کا ٹاسک دیا گیا تھا جس کے لیے میں نے کوششیں کیں۔ اکبر بگٹی وفاق کی سیاست کرتے تھے براہمداغ بگٹی کو بھی وہی سیاست کرنی چاہیے۔ڈاکٹر عبد المالک نے کہاکہ بلوچستان میں گزشتہ سات آٹھ سال سے قتل و غارت جاری ہے ہمیں اس کو روکنا ہوگا اور ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا مذاکرات کی میز پر آگئے تو باقی باتیں بھی حل ہوجائیں گی براہمداغ بگٹی کی شرائط کو قابل قبول بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اکبر بگٹی کی ہلاکت کے بعد براہمداغ بگٹی کے پاس آپشن کم تھے۔ جنرل پرویز مشرف ایک آمر تھا اس نے بلوچستان کے حالات خراب کیے۔ اپنی وزارت اعلیٰ کی مدت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے ڈھائی سال تک وزیر اعلیٰ رہنے کا معاہدہ کیا تھا اور اس پر عملدر آمد کا پابند ہوں۔