قومی ڈومیسٹک سیزن میں تبدیلیاں، سپر ایٹ ٹی 20 ختم، پینٹنگولر کپ دوبارہ شروع کرنیکافیصلہ

ہفتہ 29 اگست 2015 15:07

قومی ڈومیسٹک سیزن میں تبدیلیاں، سپر ایٹ ٹی 20 ختم، پینٹنگولر کپ دوبارہ ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 29اگست۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نےسیزن میں تبدیلیاں کرتے ہوئے اس سال ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب سے مقبول ٹورنامنٹ سپر ایٹ ختم کردیا ہے ۔ ہر سال پی سی بی قومی سپر ایٹ ٹورنامنٹ کے بعد اس ٹورنامنٹ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کے درمیان سپر ایٹ ٹورنامنٹ کراتا تھا تاہم آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کی تیاریوں سے قبل ایک ٹی 20 ٹورنامنٹ ختم کرنا حیران کن ہے ۔

نئے سیزن سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی ٹورنا منٹ ہوگا جبکہ ملک کی پانچ صف اول کی فرسٹ کلاس ٹیموں کے درمیان پینٹنگولر کپ دوبارہ شروع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قائد اعظم ٹرافی میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ ہر ٹیم کو پانچ گیسٹ کھلاڑی کھلانے کی اجازت ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ 25 اکتوبر سے شروع ہو گا اور اس میں مجموعی طور پر 69 میچ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

گروپ میچ اتوار کو شروع ہوں گے اور بیک وقت آٹھ لیگ میچ ہوں گے جبکہ ہر میچ کے دوران تین دن کا وقفہ ہوگا ۔ لیگ میچوں کے بعد سپر ایٹ رائونڈ ہوگا جو تین ہفتے جاری رہے گا ۔ یکم سے پانچ جنوری تک قائد اعظم ٹرافی کا پانچ روزہ فائنل ہوگا ۔ جنوری میں پاکستانی ٹیم ون ڈے اور ٹی 20سیریز کھیلنے نیوزی لینڈ میں ہوگی اس وقت قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کرایا جائے گا ۔

پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے فروری میں ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کا کوئی میچ نہیں ہوگا ۔ قائد اعظم ٹرافی میں آخری نمبر حاصل کرنے والے ریجن اور ڈپارٹمنٹ کی تنزلی کی جائے گی جبکہ پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو اور قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کی ونر اگلے سال قائد اعظم ٹرافی کے مین فرسٹ کلاس رائونڈ میں حصہ لیں گی ۔ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی بنی ہوئی گیندیں استعما ل کی جائیں گی جب کہ ون ڈے اور ٹی 20 ٹورنامنٹ آسٹریلیا کی بنی ہوئی کوکابرا گیند سے ہوں گے ۔