Live Updates

انتظار میں ہوں الیکشن کمیشن کب میرے خلاف ریفرنس دائر کرتا ہے‘ ٹربیونل کے فیصلے پہلے آتے تو جوڈیشل انکوائری کمیشن کا فیصلہ مختلف ہوتا‘ نواز شریف چیلنج قبول کرے تو این اے 122 سے الیکشن لڑنے کو تیار ہوں‘ میاں صاحب کو چیلنج کرتا ہوں کہ این اے 122 میں امپائر اپنے کھڑے کر لے اور میر ے مقابلے میں میچ کھیلیں پتہ چل جائیگا لاہور کس کا ہے‘ لاہور کی ریلی سیکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ کی‘ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر میچ فکسنگ میں ملوث ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2015 15:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں انتظار کر رہا ہوں الیکشن کمیشن کب میرے خلاف ریفرنس دائر کرتا ہے‘ ٹربیونل کے فیصلے پہلے آتے تو جوڈیشل انکوائری کمیشن کا فیصلہ مختلف ہوتا‘ نواز شریف چیلنج قبول کرے تو این اے 122 سے الیکشن لڑنے کو تیار ہوں‘ میاں صاحب کو چیلنج کرتا ہوں کہ این اے 122 میں امپائر بھی اپنے کھڑے کر لے اور میر ے مقابلے میں میچ کھیلیں پتہ چل جائیگا لاہور کس کا ہے‘ لاہور کی ریلی سیکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ کی‘ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر میچ فکسنگ میں ملوث ہے۔

وہ ہفتہ کو بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بطور پارٹی چیئرمین میری ذمہ داری ہے کہ اپنے لوگوں کی جان خطرے میں نہ ڈالوں‘ لاہور میں سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا گیا تھا جس پر ریلی منسوخ کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں کو جان بوجھ کر تاخیر کا شکار کیا گیا جب نادرا چیئرمین نے کمیشن میں جواب دینا تھا تو جان بوجھ کر چھٹیاں لے کر باہر چلا گیا۔

اگر الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پہلے آتے تو جوڈیشل انکوائری کمیشن کا فیصلہ مختلف ہوتا۔ ٹربیونل کے سامنے جو ثبوت آئے وہ بدقسمتی سے جوڈیشل کمیشن میں نہ آ سکے۔ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ کیا انہی امپائرز کے ساتھ میچ کھیلنا ہے جنہوں نے 2013ء کے عام انتخابات میں نواز شریف کے ساتھ مل کر میچ فکس کیا۔

کیا وہی نیچے پولیس اور اوپر الیکشن کمیشن ہو گا۔ ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے 30 فیصلے (ن) لیگ کے حق میں دئیے ایک خلاف دیا تو الیکشن کمیشن نے فارغ کر دیا۔ اب کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ الیکشن کمیشن (ن) لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکسنگ میں ملوث ہے۔ خورشید شاہ نے خود معافی مانگی کہ (ن) لیگ نے پنجاب کیلئے جسٹس (ر) کیانی مانگا جس پر ہم نے رضا مندی کا اظہار کیا تھااور خود الیکشن کمشنر سندھ نے بھی کہا کہ الیکشن کمیشن میں تمام فیصلے ریاض کیانی کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ پتہ چلانا ہے کہ لاہور میں کون جیتا اور کون ہارا تو نواز شریف کو میرے سامنے آنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ لاہور باہر نکلے گا۔ میاں صاحب کو دعوت دیتا ہوں کہ میرے ساتھ میچ کھیلیں جم خانہ کی طرح اپنے امپائر بھی کھڑے کر لیں اس کے باوجود چیلنج کرتا ہوں کہ میچ جیت کر دکھاؤں گا پتہ چل جائیگا کہ لاہور کس کا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات