” ختماں والا ممبر“ حلقے کے عوام نے دانیال عزیز کا نیا نام رکھ دیا

ہفتہ 29 اگست 2015 16:18

” ختماں والا ممبر“ حلقے کے عوام نے دانیال عزیز کا نیا نام رکھ دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما چودھری دانیال عزیز کی حلقے سے مسلسل غیر حاضری نے عوام کو شدید مایوس کر دیا ہے ۔ دانیال عزیز نے انتخابات کے وقت عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہفتے میں تین دن عوام کے مسائل سنا کریں گے لیکن اب کئی کئی ہفتے حلقے کا چکر ہی نہیں لگاتے ہیں ۔ دانیال عزیز کا نام حلقے کے عوام نے” ختماں والا ممبر“ رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے چودھری دانیال عزیز اپنے حلقہ انتخاب این اے 116 شکرگڑھ سے مسلسل غائب ہیں علاقہ کے غریب عوام نے دانیال عزیز کو اپنے مسائل کے حل کے لئے مسیحا جانتے ہوئے ووٹ دیئے تھے لیکن موصوف جو کہ اپنی انتخابی تقریروں میں حلقہ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کرتے تھے کہ میں منتخب ہونے کے بعد عوامی مسائل کے حل کے لئے ہفتہ میں تین دن آپ کی خدمت کے لئے شہر کے مرکزی درمان چوک میں موجود ہوا کروں گا لیکن منتخب ہونے کے بعد دانیال عزیز چودھری مہینے دو مہینے کے بعد حلقہ میں چند گھنٹوں کے لئے آتے ہیں وہ ب ی کسی کے ختم چہلم کی تقریب میں حلقہ کے عوام نے دانیال عزیز کا نام ہی ” ختماں والا ممبر “ رکھ دیا ہے جبکہ حلقہ این اے 116 سٹی شکرگڑھ اور گرد و نواح کے علاقوں سکھو چک ، مریال ، چترانہ ، چھمال ، ہدنال ، شاہ پور ، کھنہ ، دین پور ، رشید پورہ ، انتووالی ، چک امرو ہریالی ، جگیال و دیگر کے لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر جلنے کی وجہ سے بجلی کی مسلسل کئی کئی روز تک بندش کے ستائے عوام نے حلقہ ایم این اے دانیال عزیز سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی ہے کہ خدارا وہ پورے پاکستان میں مسلم لیگ ( ن) کی نااہلی کے مقدمات لڑنے کی بجائے حلقہ کے عوام کے مسائل پر توجہ دینے کے لئے اپنے حلقہ انتخاب کو وقت دیں بصورت دیگر عوام ان کے خلاف سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :