کھجور فیسٹیول اور سیمینار سمیت دیگر رموز کو اجاگر کرنے کے لیے علیحدہ دفتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر خیرپور

ہفتہ 29 اگست 2015 16:42

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء)خیرپور ضلع میں برساتوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد کھجور کی فصل کو ہونے والے نقصان اور اس کی صحیح طریقے سے اندازہ لگانے ،کھجور کے درختوں کو ہونے والے نقصان اور آبادگاروں سمیت کھجور کے تاجروں کو تمام تر معلومات اور تفصیلات یکجا کرنے کے بعد امدادی کاروائیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹوخیرپور ریاض حسین وسان نے اپنے دفتر میں ضلع کے آٹھوں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ریاض حسین وسان نے کہا کہ کھجور کی فصل کی پیداوار اور اس کو بین الاقوامی سطح پر معیاری بنانے کے ساتھ ساتھ زر مبادلہ کمانے کے لیے تمام تر پہلوؤں پر تفصیل کے ساتھ غور کیا جارہا ہے جس کے لیے بہت جلد ڈپٹی کمشنر خیرپور کے آفس میں کھجور فیسٹیول اور سیمینار سمیت دیگر رموز کو اجاگر کرنے کے لیے علیحدہ دفتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو سارا کام کرتا رہے گا اور آبادگاروں سمیت تاجروں ، کھجور منڈی کے مسائل اور کھجور کو مارکیٹ تک پہنچانے ، خرید و فروخت اور سالہاسال کھجور کو کھانے کے لیے محفوظ بنانے کے سلسلے میں تمام تر اقدامات پر عمل درآمدکرائے گا انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد اپنی مفصل رپورٹ فراہم کریں تاکہ آبادگاروں اور تاجروں کے نقصان کے ازالے کے لیے سفارشات حکام بالا تک پہنچانے میں مدد مل سکے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ خیرپور کی کھجور اور اس کی فصل کو بہتر سے بہتر کیا جائے تاکہ سندھ اس کی سوغات کو مزید شیریں بنایا جاسکے اس موقع پر خیرپور ضلع کے آٹھوں تعلقوں کے اے ڈی اے ، مختیار کار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔