کرکٹ سیریز پر بھارت سیاسی تعلقات کا بہانہ بنانے کی بجائے معاہدے کی مکمل پاسداری کر ے ، شہریار خان

ہفتہ 29 اگست 2015 18:24

کرکٹ سیریز پر بھارت سیاسی تعلقات کا بہانہ بنانے کی بجائے معاہدے کی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت کے کرکٹ کھیلنے سے انکار سے ہم بھوکے نہیں مر جائیں گے ، پاک بھارت عوام دونوں ملکوں کے مابین باہمی سیریز کے خواہاں ہیں ، کرکٹ سیریز پر بھارت کو سیاسی تعلقات کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے اور بھارت کو دونوں ملکوں کے مابین باہمی سیریز کے معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے ، سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ، تینوں کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کو دیکھ کر قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کریں گے ۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ وہ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ شہریار خان نے کہا کہ حالیہ ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ دنیا بھر میں دیکھا گیا ، بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کا معاہدہ ہوا تھا جس سے وہ اب پیچھے ہٹ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت کو باہمی سیریز کے حوالے سے سیاسی تعلقات کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی وجہ سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوئی ۔ محمد آصف ، سلمان بٹ اور محمد عامر کو قومی ٹیم میں واپسی کیلئے لائحہ عمل دیدیا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے وہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں نے 5 سال تک کرکٹ نہیں کھیلی ، تینوں کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کو دیکھ کر قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی فٹنس پر خاص توجہ دے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :