چےئر مین سی ڈی اے کا دالحکومت کی بہتری اور رہا ئشیوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی مہم کے سلسلے میں مختلف سیکٹروں کی مارکیٹوں ، پارکوں ، گرین بیلٹس اورشاہراؤں کا دورہ

ہفتہ 29 اگست 2015 20:35

اسلام آباد ۔ 29 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) چےئر مین سی ڈی اے معروف افضل نے گزشتہ روزا سلام آبادکی اپ لفٹ اور رہا ئشیوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے شروع کی جانے والی خصوصی مہم کے سلسلے میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے دالحکومت کے مختلف سیکٹروں G-6, F-6 اور F-7کی مارکیٹوں ، پارکوں ، گرین بیلٹس اورشاہراؤں کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عا مر علی احمد، ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل ، انوائرمنٹ ونگ کے سینئر ا فسران کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجودتھے۔ چےئر مین سی ڈی اے نے مزکورہ سیکٹروں کے پارکوں اور گرین ایریاز کے معائنے کے دوران انوائرمنٹ ونگ کو ہدایت کی جنگلی پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کے علاوہ گرین بیلٹس ، میڈین سٹرپس اور چوراہوں کو خوبصورت بنا کر اپ گریڈ کیا جائے جبکہ سوک مینجمنٹ ونگ کو روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اور دیگر فضلہ اکٹھا کرنے اور اُس کی تلفی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ، کوڑا دانوں، ٹرالیوں اور سکپس کی مطلوبہ مرمت اور رنگ و روغن کیا جائے جبکہ اسلام آباد کے سیکٹروں میں موجود پبلک ٹائلٹس کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے۔ انہوں انجےئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کی شاہراؤں اور فٹ پاتھوں کی مرمت اوربند سیوریج اور نکاسی آب کی لائنوں کی مرمت کی جائے ور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ شہر میں موجود مین ہولز پر کورر موجود ہوں جبکہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت ، شہریوں کو پانی کی باقاعدہ فراہمی ، پانی سپلائی کرنے والی لائنوں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ضروری مرمت کا کام بھی شروع کیا جائے ۔

چےئرمین سی ڈی اے نے مزید ہدایت دی کہ غیر قانونی کھوکھوں، کباڑ خانوں اور عمارتی تعمیراتی میٹریل کے ملبے کے اڈوں کو ختم کیا جائے کیونکہ ان سے اسلام آباد کا قدرتی حسن خراب ہورہا ہے۔ چےئر مین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ مرحلہ وار مہم کے دوران مختلف سیکٹروں کی جہاں اپ گریڈیشن،تعمیر و مرمت اور خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گاوہاں لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی اوراسلام آباد کے رہائشیوں اور سٹیک ہولڈرز میں آگاہی اورشعور اُجاگر کیا جا سکے گاکہ یہ شہر اُن کا شہر ہے اور اس شہرمیں دستیاب سہولیات بھی اُن ہی کی ملکیت ہیں۔

انہوں نے کہا اس مہم کے دوران سی ڈی اے کے ہر ونگ کا نامزد کردہ آفیسر اپنے سٹاف کے ساتھ سیکٹر میں موجود رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام شکایات کا ازالہ کرنے کے علاوہ اپ گریڈیشن اور تعمیر و مرمت کا کام بروقت مکمل کیا جائے۔چےئر مین سی ڈی اے معروف افضل نے جنا ح سپر مارکیٹ مرکز ایف سیون میں زیر تعمیر پارکنگ پلازوں کا بھی دورہ کیا ۔

چےئر مین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ مرکز ایف سیون کی شمالی سمت میں بننے والے پارکنگ پلازے کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے پارکنگ پلازے کی گراؤنڈ لیول تک شٹرنگ کاکام مکمل کرلیا گیا ہے جس کو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ چےئرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ کو ہدایت کی وہ مکمل ہونے والے پارکنگ پلازے کی فنشنگ کے کام کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ اس کو آئندہ ہفتے تک عوام کی سہولت کے لئے کھول دیا جائے جبکہ دوسرے پارکنگ پلازے پر تعمیراتی کام کو مزید تیز کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی پارکنگ پلازے سے مارکیٹ تک جانے والے راستوں پر روشنی کا مناسب انتظام یقینی بنا یا جائے اور ان راستوں کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے تاکہ اسلام ااباد کے شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :