ورلڈ ا یتھلیٹکس چیمپئن شپ ، یوسین بولٹ نے تیسرے گولڈ میڈل پر بھی قبضہ جما لیا

اتوار 30 اگست 2015 13:16

ورلڈ ا یتھلیٹکس چیمپئن شپ ، یوسین بولٹ نے تیسرے گولڈ میڈل پر بھی قبضہ ..

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) دنیا کے تیز ترین انسان جمیکا کے یوسین بولٹ نے ورلڈ ا یتھلیٹکس چیمپئن شپ میں تیسرے گولڈ میڈل پر بھی قبضہ جما لیا،4*100 میٹر ریلے ریس میں امریکی ٹیم کے ڈس کوالیفائی ہونے کی بدولت چین کے ہاتھ سلور میڈل لگ گیا۔ویمنز ایونٹ میں بھی جمیکن ٹیم نے طلائی تمغہ پایا۔ برطانوی ایتھلیٹ موفاراح نے5000 میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخی ’ٹرپل ڈبل‘ کا سنگ میل عبور کر لیا۔

ویمنز 800 میٹر ریس میں بیلاروس کی مارینا ارزماسووا نے دفاعی چیمپئن یونائیس سم سے ٹائٹل چھین لیا،ڈیکاتھلون ایونٹ میں اولمپک چیمپئن امریکی ایشٹون ایٹون نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا،50 کلومیٹر واک میں سلواکین میٹج ٹوتھ نے سب کو پیچھے چھوڑا۔تفصیلات کے مطابق چین کے شہر بیجنگ کے برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں جاری ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں اسٹار جمیکن رنر یوسین بولٹ نے تیسرا گولڈ میڈل جیت لیا، انھوں نے 4*100 ریلے ریس میں نیسٹا کارٹر، اسافا پاوٴل اور نیکل ایشمیڈ کے ساتھ مل کر مقررہ فاصلہ 37.36 سیکنڈ میں طے کیا، فاتح ٹیم کی جانب سے ریس کا آغاز کارٹر نے کیا لیکن وہ دوران دوڑ پھسل گئے۔

(جاری ہے)

جس سے جمیکاکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن دوسرے لیگ میں اسافا پاوٴل اور آخری میں یوسین بولٹ نے شاندار کارکردگی کی بدولت گولڈ میڈل جیت لیا۔ اس فتح کے ساتھ بولٹ نے عالمی سطح پر 11 واں طلائی تمغہ پایا،انھیں صرف 2011 میں ڈیاگو ورلڈ چیمپئن شپ میں میڈل سے محروم رہنا پڑا تھا کیونکہ وہ 100 میٹر ریس میں آغازکے فوراً بعد ڈس کوالیفائیڈ قرار دیے گئے تھے۔

ریلے ریس میں سلور میڈل کیلیے فیورٹ امریکی ٹیم ڈس کوالیفائی ہوگئی۔ٹائسن گے،ٹرائیوون برومیل، جسٹن گیلٹن اور مائیک روجرز بیٹن دوسرے کو پاس کرتے ہوئے غلطی کے مرتکب قرار پائے،اسکا فائدہ میزبان ایتھلیٹس کو پہنچا جنھوں نے 38.01 سیکنڈ میں ہدف عبور کرتے ہوئے تمغہ جیتا۔ چین کی جانب سے100 میٹر ریس کے فائنلسٹ سو بینگٹین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کینیڈا کی ٹیم نے 38.13 کے ٹائم سے برانز میڈل حاصل کیا۔ دوسری طرف برطانیہ کے اسٹار ایتھلیٹ مو فارح نے 5000 میٹر دوڑ میں طلائی کا تمغہ جیت کر تاریخی ’ٹرپل ڈبل‘ کا سنگ میل عبور کر لیا۔