بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو بھارت میں کھیل کے سب سے اعلیٰ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

ثانیہ مرزا دوسری بھارتی ٹینس پلےئر ہیں جنہیں ”راجیو گاندھی کھل رتنا“ ایوارڈ ملا،بھارتی صدر نے ایوارڈ دیا

اتوار 30 اگست 2015 13:17

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو بھارت میں کھیل کے سب سے اعلیٰ ایوارڈ ..

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) کھیل کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے والی بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو ٹینس میں ان کی شاندار کامیابیوں کی بدولت بھارت میں کھیل کے سب سے اعلیٰ ایوارڈ ”راجیو گاندھی کھیل رتنا“ سے نوازدیا گیا۔نئی دلی میں ایوان صدر رشترا پتی بھون میں ہونے والی پروقار تقریب میں بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے ثانیہ کو ایوارڈ دیا، جب ثانیہ مرزا کو ایوارڈ کے لیے پکارا گیا تو تقریب میں موجود سیکڑوں افراد نے زور دار تالیوں میں کھڑے ہوکر ان کا شاندار استقبال کیا اورکافی دیر تک لوگ ان ہونہار کھلاڑی کو بھرپور داد دیتے رہے۔

ثانیہ مرزا نے زوردار تالیوں کی گونج میں میڈل، سرٹیفیکیٹ اور ساڑھے 7 لاکھ کیش پرائز بھارتی صدر سے وصول کیا جب کہ ایوارڈ کو وصول کرنے کے فوری بعد وہ یو ایس اوپن کھیلنے کے لیے نیو یارک کے لیے روانہ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے ثانیہ مرزا دوسری بھارتی ٹینس اسٹار ہیں جنہیں اس اعلیٰ ایوارڈ سے نوازا گیا اس سے قبل بھارتی ٹینس اسٹار لینڈر پائس اس ایوارڈ کو حاصل کرچکے ہیں جب کہ دوسری جانب کئی کھلاڑیوں نے ایوارڈ کے لیے لوگوں کے انتخاب کے طریقہ کار پر سخت تنقید کی ہے اور ایک ایتھلیٹ گریشا نے کرناٹکا ہائی کورٹ میں ثانیہ کے نام کو چیلنج کر رکھا ہے اس کے علاوہ ریسلنگ کوچ نے دلی ہائی کورٹ میں اس کے خلاف کیس دائر کررکھا ہے اور کھلاڑیوں کی نامزدگی کو میرٹ کے خلاف قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :