اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ہی معاشرتی ہم آہنگی کا فروغ ممکن ہے ،بلوچستان کے نوجوان با صلاحیت اور محب وطن ہیں ، ان کو مشترکہ کاوشوں کے ذریعے جد ید علوم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری

وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد کا تربیتی ورکشاپ سے خطاب شمالی پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز فیکلٹی کی تربیت کیلئے راولپنڈی میں اکیڈمی کے قیام کا اعلان

اتوار 30 اگست 2015 15:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) صوبائی وزیر تعلیم و نوجوانان پنجاب رانا مشہور احمد نے کہاہے کہمعاشرے میں ہم آ ہنگی کو اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ہی فروغ دیا جا سکتا ہے ، بلوچستان کے نوجوان با صلاحیت اور محب وطن ہیں یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ انہیں مشترکہ کاوشوں کے ذریعے جد ید علوم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں ۔ وہ اتوار کو یہاں بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے فیکلٹی ممبران کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کے لیے منعقدہ پندرہ روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران خطاب کر رہے تھے ۔

،ورکشاپ کا اہتمام پاکستان میں سماجی علوم کی ترویج کے لیے قائم انٹریونیورسٹی کنسورشیم کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، نیشنل ٹیسٹنگ سروس پاکستان اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چےئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پرو فیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین ، ریکٹر کامیسٹس ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر این ٹی ایس ڈاکٹر ہارون الرشید اور ورکشاپ کوآرڈنینٹر محمد مرتضی نور بھی موجود تھیں ۔

رانا مشہود احمد خان نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے انٹر یونیورسٹی کنسورشیم ، کامسیٹس اور این ٹی ایس کی مشترکہ کاوشوں کو سرہتے ہوئے کہا کہ کامسٹیس کی وجہ سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں غیر ملکی اداروں اور جامعات سے اشتراک ممکن ہوا ہے ۔صوبائی حکومت پنجاب نے بلوچستان کے پنجاب میں زیرتعلیم طالبعلموں کیلئے خصوصی اسکالرشپ کا اعلان کیا گیا تاکہ بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جدید علوم کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی سطح پر ایچ ای سی قائم کر چکی ہے یونیورسٹیوں اور کالج کے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کیلئے لاہور اور ملتان میں صوبائی ایچ ای سی کے تحت ٹریننگ اکیڈمیز قائم ہو چکی ہیں صوبائی وزیر تعلیم نے اس موقع پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کا میٹس کی پیشہ وارنہ صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے حکومت پنجاب راولپنڈی میں شمالی پنجاب کی جامعات اور کالجز کی فیکلٹی کی تربیت کیلئے ٹریننگ اکیڈمی قائم کریگی ۔اس موقع پر پنجاب ایچ ای سی ،کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مابین یونیورسیٹز اور کالج اسٹاف کی تربیت کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے