قائم مقام سپیکرقومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی چوتھی عالمی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کیلئے پارلیمانی وفد کے ہمراہ روانہ ہوگئے

اتوار 30 اگست 2015 15:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) قائممقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی چوتھی عالمی پارلیمانی سپیکرزکانفرنس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ ہوگئے ۔کانفرنس کا انعقاد نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرمیں 31اگست سے 2ستمبر2015 تک ہوگا جس میں دنیا بھر سے پارلیمانی سپیکرز شرکت کرینگے۔قائم مقام سپیکر کے ہمراہ نیو یارک روانہ ہونے والے چھ رکنی وفد میں ممبران قومی اسمبلی زاہد حامد ، چوہدری شہباز بابر، جنید انور چوہدری ، شہزادی عمرزادی ٹوانہ، سردار ارشد خان لغاری اور آفتاب شعبان میرانی شامل ہیں۔

پاکستانی پارلیمانی وفد کانفرنس کی مرکزی تقریب اور دیگر میٹنگز میں شرکت کرے گا۔ وفد کانفرنس میں شرکت کے علاوہ اپنے غیر ملکی ہم منصبوں سے بھی ملاقات کرے گا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں قائم مقام سپیکر مسئلہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی اور تاریخی موقف کا اعادہ کریں گے اور کشمیری عوام کی حالت زار اوربھارتی افواج کی جانب سے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کانفرنس کے شرکاء کو اپنی حکومتوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود اداریت کے ذریعے حل کرانے کے معاملے کو اٹھانے پرزوردیں گے۔

پارلیمانی سپیکرز کانفرنس دنیا بھر کے پارلیمانی رابطے اور تعاون کا ایک منفرد فورم ہے جس کا انعقاد ہر سال انٹر پارلیمانی یونین(IPU) کی جانب سے کیا جاتا ہے۔کا نفرنس میں امن، جمہوریت اور انسانی ترقی کے معاملات زیر بحث لائے جائیں گے جس کے اختتام پر اعلامیہ اپنایا جائے گا جسے ستمبر کے اواخر میں منعقدہ اقوام متحدہ سمٹ میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :