نو بال کو تھرڈ امپائر کے دائرہ اختیار میں دیا جائے،آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر

کی رائے

اتوار 30 اگست 2015 17:02

نو بال کو تھرڈ امپائر کے دائرہ اختیار میں دیا جائے،آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء)آسٹریلین اوپنر اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنرنے نو بال کے مسئلے پر جاری بحث پر حل پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل سے بچنے کیلئے اسے تھرڈ امپائر کے دائرہ اختیار میں دیا جائے ۔وارنر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تھر ڈ امپائرز نوبال دینا شروع کردیں تو یہ کافی مددگار ثابت ہو گا، حالیہ ایشز ٹیسٹ سیریز کے دوران کم از کم 30 سے 40 ممکنہ نوبال نہیں دی گئیں۔

جارح مزاج اوپننگ بلے باز نے کہا کہ آج کے دور میں کیمرہ کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، امپائرز کیلئے اس کا اندازہ لگانا کافی مشکل ہوتا ہے، ایسے میں تھرڈ امپائر سے مدد طلب کی جائے بے شک کچھ دیر ہی کیوں نہ ہو جائے لیکن ہمیں درست فیصلہ ضرور معلوم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امپائر کو محض آدھے سیکنڈ میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے جو کافی مشکل ہے لیکن تھرڈ اپائر سے معاونت کے نتیجے میں ہم درست فیصلوں پر پہنچ سکیں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں سے نوبال کے مسئلے پر خاصی بحث جاری ہے جہاں امپائرز کی جانب سے متعدد مواقعوں پر نوبال نہیں دی گئی اور پھر تھرڈ امپائر سے رابطہ کرنے پر گیند نوبال قرار دی گئی۔انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ دنوں جاری ایشز سیریز میں یہ مسئلہ خاصی گمبھیر شکل اختیار کر گیا اور کئی مواقعوں پر فیلڈ امپائر نوبال نہ دے سکے۔اوول ٹیسٹ کے دوران اسٹیو سمتھ اور مارک ووڈ کو اس وقت نئی زندگی ملی جب تھرڈ امپائر نے سٹیون فن اور مچل مارش کی گیندوں کو نوبال قرار دیا۔