پیپلز پارٹی نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کیلئے تحریک التواء جمع کروا دی

اتوار 30 اگست 2015 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) پیپلز پارٹی نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر معاہد ے کی مسلسل خلاف ورزی کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کے لئے تحریک التواء جمع کروا دی۔ اتوار کو پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری ‘ نفیسہ شاہ ‘ اعجاز جاکھرانی اور بیگم بیلم حسنین نے جمع کروائی۔

(جاری ہے)

تحریک التواء کے متن میں کہا گیاہے کہ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیز فائر لائن معاہدے کو توڑ رہا ہے۔ گزشتہ روز سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری 8 شہری شہید جبکہ 47 زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بھارتی جارحیت سے سرحدی صورتحال کشیدہ ہوئی ہے ۔ بھارت کی طرف سے سویلین آبادی پر فائرنگ 2003ء کے سیز فائر لائن معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔ بھارتی جارحیت اہم قومی معاملہ ہے اسے ایوان میں لایا جائے اور حکومت اس پر پالیسی بیان دے۔