وسیم اکرم نے گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو معاف کردیا، میں معاف کرنے اور آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہوں اور دنیا میں کہیں اورنہیں صرف پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں، وسیم اکرم ،وسیم اکر م کی 2شرائط مانتے ہوئے ملزم عامر رحمان کا اسلحہ لائسنز منسوخ کرنے کا لیٹر بھی جاری کردیا گیا

اتوار 30 اگست 2015 20:32

وسیم اکرم نے گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو معاف کردیا، میں معاف کرنے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزم میجر ریٹائر عامر رحمان کو معاف کردیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی گاڑی پرفائرنگ کرنے والے میجر(ر) عامر رحمان نے انہیں معافی کا میسج کیا جس پر انہوں نے اسے معاف کردیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ میں معاف کرنے اور آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہوں اور دنیا میں کہیں اور نہیں صرف پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں، پاکستان میرا ملک ہے میں یہاں سیکیورٹی لے کر نہیں چلتا۔

اس سے قبل وسیم اکرم نے معافی نامہ قبول کرنے کے لیے 2 شرائط رکھی تھیں جن میں عامر رحمان کا اسلحہ لائسنس اور گاڑی کے ڈرائیورکا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ شامل تھا جس پر میجر ریٹائرڈ عامر رحمان نے وسیم اکرم کی دونوں شرائط منظور کرلی تھیں اور اس حوالے سے عامر رحمان کا اسلحہ لائسنز منسوخ کرنے کا لیٹر بھی جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ 5 اگست کو کارساز روڈ پر پیش آیا جب کہ مقدمے کے مرکزی ملزم میجر (ر) عامر رحمان عبوری ضمانت پرہیں۔