کے پی کے اور بلوچستان میں جہاں امن ومان کا مسئلہ ہے وہاں انتخابات ہوگئے ہیں لیکن پنجاب اور سندھ میں ابھی تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ڈی چوک کے شہداء کا انصاف نہ ملا تو دوبارہ ڈی چوک آئیں گے ، پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ، پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور کا ڈی چوک میں علامتی دھرنے سے خطاب

اتوار 30 اگست 2015 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ کے پی کے اور بلوچستان میں جہاں امن ومان کا مسئلہ ہے وہاں انتخابات ہوگئے ہیں لیکن پنجاب اور سندھ میں ابھی تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ڈی چوک کے شہداء کا انصاف نہ ملا تو دوبارہ ڈی چوک آئیں گے ۔

وہ اتوار کو یہاں گزشتہ سال ڈی چوک میں جاں بحق ہونیوالے کارکنوں کی برسی پر علامتی دھرنے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی شریف برادران کی حکومت آتی ہے ، یہ بلدیاتی انتخابات نہیں کرواتے ، پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں ڈٹ کر حصہ لے گی اور موٹر سائیکل ہمارا انتخابی نشان ہے ، پنجاب کے حکمران ہمیشہ بھاگتے رہیں جب تک نظام عدل نہیں آئے گا اس وقت تک انصاف کیلئے لڑتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ دو آئینی شقیں جس پر 10 جھوٹے وزراء نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا مگر وہ اپنے معاہدے سے مکر گئے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف طاہرالقادری نے روز اول سے یہ کہا تھا کہ اس الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے صاف شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے ، طاہرالقادری کی بات آج سچ ثابت ہوئی جب اس الیکشن کمیشن کے بانی خورشید شاہ نے خود کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کے حکام پر اعتبار نہیں ہے ، عمران خان نے بھی یہی کہا ہے اور جماعت اسلامی بھی یہی کہہ رہی ہے ۔

اس موقع پر علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر (ر) مشتاق نے کہا کہ یہ دھرنا ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہے جنہوں نے انقلاب کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ، وہ وقت دور نہیں جب اندھیروں کو روشنیوں میں تبدیل کیا جائے گا اور آج ہماری فوج دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جس طرح انہوں نے دہشتگردوں کو ختم کیا ہے اسی طرح پاکستان سے معاشی دہشتگردی کو بھی ختم کرے ۔

پاکستان عوامی تحریک خواتین ونگ کی مرکزی رہنماء راضیہ نوید نے کہا کہ ملک آج بھی آزاد نہیں ہے ، انگریز چلا گیا مگر اپنی باقیات چھوڑ گیا ۔ عوامی تحریک کی مرکزی رہنماء عائشہ شبیر نے کہا کہ شہیدوں کے لہو کی آواز ان حکمرانوں کو جینے نہیں دے گی ۔ اس موقع پر مرکزی رہنماء علامہ رانا ادریس مدنی نے کہا کہ انقلاب مارچ کے شہیدوں کا لہو رنگ لا چکا ہے ۔ اس نظام کی بنیادیں اب کھوکھلی ہوچکی ہیں ۔