اے سی سی انڈر 19 پریمیئر لیگ: افغانستان، نیپال اور سعودی عرب نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

پیر 31 اگست 2015 15:26

اے سی سی انڈر 19 پریمیئر لیگ: افغانستان، نیپال اور سعودی عرب نے اپنے ..

کوالالمپور۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) اے سی سی انڈر 19 پریمیئر لیگ میں افغانستان نے یو اے ای، نیپال نے ملائیشیا اور سعودی عرب نے کویت کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق یوتھ پریمیئر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری ہیں، گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

یو اے ای کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 88 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ورونا پریرا 34 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، طارق نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 12.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ حضرت اللہ اور ناصر خان نے 41 ، 41 رنز بنائے۔ طارق کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں نیپال نے میزبان ٹیم ملائیشیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

ملائیشیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عارف شیخ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیپال نے ہدف 15 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اشیش دھمی نے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رجبیر سنگھ 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ تیسرے میچ میں کویت نے سعودی عرب کو 124 رنز سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 250 رنز بنائے۔ میزان علی نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ مشتاق احمد 51 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ سعودی عرب کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فرحان پاٹیل 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عبدل طفیل نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔