پاکستان انگلش ٹیم کو چاروں شانے چت کردے گی ، راولپنڈی ایکسپریس

یو اے ای میں ہونے والی سیریز میں گرین شرٹس کی بالادستی برقرار رہے گی ، انگلش پلیئر کیلئے پاکستان کے اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنا ہوگا جو ہماری قوت ہیں ، شعیب اختر زمبابوے ٹیم کا دورہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اہم پیش رفت ہے امید ہے جلد بڑی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوجائینگی ،گفتگو

پیر 31 اگست 2015 17:43

پاکستان انگلش ٹیم کو چاروں شانے چت کردے گی ، راولپنڈی ایکسپریس

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باوٴلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پیشگوئی کی ہے کہ پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں انگلش ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے باآسانی شکست دے گی۔دبئی میں ایک مقامی ٹورنامنٹ کی تشہیر کیلئے موجود سابق فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ رواں سال پانچ اکتوبر سے 30 نومبر تک ہونے والی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی بالادستی برقرار رہے گی۔

انگلینڈ کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ پاکستانی ٹیم اسپن وکٹیں بنا کر ریورس سوئنگ پر توجہ مرکوز رکھے گی، ایسے میں اسپنرز سیریز میں ایک تباہ کن قوت ثابت ہوں گے۔شعیب کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو پاکستان کے اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنا ہو گا جو اس وقت ہماری قوت ہے، میں چاہتا ہوں پاکستان یہاں اسپن وکٹیں بنائے اور انگلینڈ کو چاروں شانے چت کر دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے ایشز سیریز جیت اور کچھ میچوں میں بھی بہت بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی لیکن ان کی کارکردگی میں مستقبل مزاجی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے فاسٹ باوٴلرز ریورس سوئنگ سے اپنا جادو جگائیں، وکٹ زیادہ مددگار تو نہیں ہو گی لیکن یہاں گیند سوئنگ ہو گی جو بہت اہمیت کا حامل ہو گا، میرے خیال میں یہ ایک اچھی سیریز ہو گی، انگلینڈ کو ایشیائی وکٹوں پر اپنی صلایتیں ثابت کرنی ہیں لیکن دوسری جانب پاکستان کو ایشز کی فاتح ٹیم کو شکست دے کر کچھ حاصل کرنا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے رواں سال زمبابوے کے دورہ پاکستان کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دو سال میں بڑی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہو جائیں گی۔شعیب اختر نے زمبابوے کے خلاف سیریز پرامن انداز سے گزرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو سال میں بڑی ٹیموں سے اپنی ہی سرزمین پر کھیلنا شروع کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :