پوری قوم 1965ء کی جنگ میں بھرپور وسائل کے ساتھ دشمن کو شکست دینے کیلئے متحد ہوئی ، اسی قومی جذبے کے باعث بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی ، پاکستانی فوج نے دشمن کو اس کی عددی تعداد اور وسائل کے باوجود بری طرح شکست دی، آج 1965ء کے قومی اتحاد کے اسی جذبے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا یوم دفاع کی 50 ویں سالگرہ کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اظہارخیال

پیر 31 اگست 2015 22:02

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پوری قوم 1965ء کی جنگ میں بھرپور وسائل کے ساتھ دشمن کو شکست دینے کیلئے متحد ہو کر اکٹھی ہوئی اور اسی قومی جذبے کے باعث بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی اور پاکستانی فوج نے دشمن کو اس کی عددی تعداد اور وسائل کے باوجود بری طرح شکست دی۔

یوم دفاع کی 50 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اور پوری قوم جنگ میں دشمن کیخلاف متحد ہوئی اور اس کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شاعروں، گلوکاروں، آرٹسٹوں، موسیقاروں اور ادیبوں کے کردار کو نہیں بھولنا چاہئے جنہوں نے اس وقت پاکستان کی افواج اور عوام کے اندر عظیم جذبہ پیدا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ملک کی تاریخ سے آگاہ کریں کہ کس طرح ہماری افواج نے بے مثال قربانیاں دیں اور پوری قوم ریاست کے تحفظ کیلئے کھڑی ہو گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اب بھی مخفی دشمن کیخلاف جنگ میں مصروف ہے۔ اس لئے ہمیں اپنے اندر 65ء کے جذبے کو پیدا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے عزم سے ہم درپیش تمام چیلنجوں پر قابو پا لیں گے۔

اجلاس میں وزارت اطلاعات نشریات و قومی ورثہ کے متعلقہ محکموں نے یوم دفاع بھرپور طریقے سے منانے کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کے متعلق پریزنٹیشن دی۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ 1965ء کے قومی اتحاد کے جذبے کو اجاگر کریں اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کیخلاف پوری قوم کے ایک حقیقی بیانیہ کو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کے پروگراموں اور تقریبات میں1965ء کی جنگ کے عرصہ کے دوران قومی جذبے اور معاشرے کے تمام پہلوؤں کی عکاسی ہونی چاہئے اور تمام شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے جنگ کے دوران بھی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے جذبے اور امن و امان کی بہتر صورتحال کواجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ، سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ محمد اعظم، پی آئی او راؤ تحسین علی خان اور وزارت کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔