سپاٹ فکسنگ کیس ،سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی کی ہتھکڑیاں گزشتہ شب ٹوٹ گئیں

منگل 1 ستمبر 2015 13:52

سپاٹ فکسنگ کیس ،سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی کی ہتھکڑیاں گزشتہ شب ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا کا سامنا کر نے والے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باؤلر محمد آصف پر پابندی کی ہتھکڑیاں گزشتہ شب ٹوٹ گئیں جس کے بعد دونوں کر کٹرز انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنیکیلئے آزاد ہو گے، آئی سی سی نے دونوں کر کٹرز کی سزا ختم کر کے2 ستمبر سے نیشنل اور انٹر نیشنل کر کٹ کھیلنے کی اجازت دی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ میں ایک ہنگامہ برپا کر دیا تھا،28اگست کوکپتان سلمان بٹ، پیسرز محمد آصف اور محمد عامر کی جانب سے دانستہ نوبال کا انکشاف کرنے والا اخبار”نیوز آف دی ورلڈ اب الزامات کی وجہ سے ہمیشہ کیلئے بند کیا جاچکا لیکن کرپشن کی اس داستان کو یادوں میں تازہ کرنے کا سلسلہ آج تک جاری ہے،ناقابل تردید ثبوت ہونے کی بنا پر آئی سی سی نے 2ستمبر کو تینوں کھلاڑیوں کو معطل کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں کیس کی باقاعدہ سماعت کے بعد سلمان بٹ کو 5سال معطل سمیت 10سال پابندی کی سزا سنائی، محمد آصف کو 2سال معطل سمیت 7 برس کی سزا ہوئی، محمد عامر کو 5سال کیلئے کرکٹ سے دور کردیا گیا۔لندن میں ساوٴتھ ورک کراوٴن کورٹ میں کارروائی کے بعد سلمان بٹ کو 30ماہ اور محمد آصف کو ایک سال جیل کی سزا کھانا پڑی، محمد عامر کو 6ماہ کم عمر مجرموں کے بحالی مرکز میں گزارنے کے بعد رہائی ملی۔

نوجوان پیسر نے تو اپنے گناہ کا اعتراف کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائی تاہم سلمان بٹ اور محمد آصف ملک کے اندر اور باہر اپنی بے گناہی پر اصرار کرتے رہے۔بالاآخر پی سی بی کی کوششوں سے نوجوان پیسر کیلئے نرم گوشہ پیدا ہوا، آئی سی سی نے کم عمری کو سامنے قوانین میں ترمیم کے بعد انھیں رواں سال 18جون کو ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی اجازت دیدی،اس دوران سلمان بٹ اور محمد آصف نے بھی ہوش کے ناخن لیے، باضابطہ طور اپنے جرم کا اعتراف کیا اور قوم سے معافی مانگی جس کے بعد 19 جون کو آئی سی سی نے اعلامیہ جاری کیا کہ تینوں کرکٹرز 5سال کی پابندی ختم ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے آزاد ہونگے۔

سلمان بٹ اور محمد آصف کی معطل سزائیں برقرار رہیں گی اور کسی خلاف ورزی پر ان کا اطلاق ہوجائے گا، تینوں پر پابندی گزشتہ رات 12بجے ختم ہو گئی، محمد عامرکو پہلے صرف ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی، سلیکٹرز اپنی پالیسی کو سامنے رکھتے ہوئے پیسر کو قومی ٹیم کیلیے بھی زیر غور لاسکتے ہیں،گریڈ ٹو کے بعد پی سی بی نے فی الحال انھیں قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کھیلنے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔جہاں ان کی فارم اور فٹنس پر نظریں ہوں گی۔