اسلام آباد : صرف عاصم ہی کو نہیں پنجاب کے دہشت گرد وزیر کو بھی گرفتار کیا جانا چاہئیے۔ اپوزیشن لیدر خورشید شاہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 ستمبر 2015 15:55

اسلام آباد : صرف عاصم ہی کو نہیں پنجاب کے دہشت گرد وزیر کو بھی گرفتار ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. یکم ستمبر 2015 ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میرے جنگ لڑنے کا مطلب بندوق نہیں بلکہ لفظوں کی جنگ ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم ایوان میں رہ کر اپنی جنگ لڑیں گے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ صرف ڈاکٹر عاصم کو ہی نہیں پنجاب کے دہشتگرد وزیر کو بھی پکڑنا چاہیے،قانون کا اطلاق امتیازی طور پر نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ اقتدار میں موجود لوگ آئین اور قانون کو ختم کر کے اپنے قانون نہ چلائیں۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیر اعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر کا بچہ اگر لڑتا ہے تو ذمہ دار گھر کے بڑے ہوتے ہیں،نواز شریف گھر کے بڑے ہیں وہ حالات کیوں نہیں سنبھالتے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پر نہیں جاؤں گا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا نواز شریف کو پتہ ہے یا نہیں،پیپلزپارٹی کرپشن کو سپورٹ نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ماہانہ9 لاکھ عزت کے آگے کچھ نہیں الیکشن کمیشن کے ممبران مستعفی ہو جائیں،الیکشن کمیشن کے اراکین کم از کم قوم سے معافی ہی مانگ لیں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے چار اراکین وہ بات بتا دیں جو ان کے خلاف کی ہو۔

انہوں مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالی معمولی کمی کو مسترد کرتے ہیں، خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دیا جانا چاہیے۔