چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود چینی فوجی پریڈ دیکھنے بیجنگ پہنچ گئے

منگل 1 ستمبر 2015 16:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود چینی فوجی پریڈ دیکھنے بیجنگ پہنچ گئے۔ پاکستان کی مسلح افواج پر مشتمل فوجی دستہ چین کی مزاحمتی جنگ میں کامیابی کے حوالے سے 70ویں فوجی پریڈ میں حصہ لینے پہلے سے ہی بیجنگ میں موجود ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کے روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود چین کی مزاحمتی جنگ میں کامیابی پر 70ویں سالگرہ میں شرکت اور چینی فوجی پریڈ دیکھنے خصوصی طور پر اسلام آباد سے بیجنگ روانہ ہوائے۔

(جاری ہے)

بیجنگ میں جنرل راشد محمود کا چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے علاوہ چین کی جنگ عظیم دوئم میں بھرپور دفاع اور کامیابی کے حوالے سے 70ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس میں پاکستان سمیت 17 ممالک کے فوجی دستے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ چینی فوجی پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کا دستہ سب سے بڑا ہے جو کہ 75 فوجی جوانوں پر مشتمل ہے جس میں تینوں مسلح افواج کے جوان شامل ہیں۔ صدر مملکت ممنون بھی چین کی فوجی پریڈ کے موقع پر موجود ہوں گے اور چینی عوام کی جنگ عظیم دوئم کی کامیابی پر 70 ویں سالگرہ چینی عوام کے ساتھ منائیں گے۔