ٹی آئی آر کنونشن میں شمولیت سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، طارق ایم رنگون والا

منگل 1 ستمبر 2015 18:38

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) ٹی آئی آر کنونشن میں شمولیت سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ علاقائی تجارت کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹرک افغانستان، وسطی ایشیا ، ای سی او ممالک اور یورپی ممالک کا سفر بلاروک ٹوک کر سکتے ہیں۔ دنیا کے 68 ممالک اور یورپی یونین ٹی آئی آر کنونشن کے ممبران ہیں۔

21 جنوری 2016ء سے پاکستان میں ٹی آئی آر کے اطلاق کے بعد پاکستانی تاجر اس سہولت سے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نیشنل کمیٹی آف انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے چیئرمین طارق ایم رنگون والا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آئی آر کے 6 بنیادی ستون ہیں جن سے تاجر برادری بھرپور انداز سے فوائد حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ساتھ ہزاروں ٹرک روزانہ دوسرے ممالک کا سفر بلاروک ٹوک کرتے ہیں جبکہ ٹرکوں کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے کے بجائے جب ٹرک منزل پر پہنچ جاتا ہے تو اس کی ڈیوٹی لی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر میں شمولیت کے بعد پاکستان کی ٹرکنگ کی صلاحیت کو بھی ترقی ملے گی اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔