قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں لاڑکانہ نے کوئٹہ کی ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی

کوئٹہ الیون نے مقررہ اوورز میں 141رنز بنائے ٗ لاڑکانہ نے مطلوبہ ہدف 16.3اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا آصف بابر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

منگل 1 ستمبر 2015 20:16

قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں لاڑکانہ نے کوئٹہ کی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں لاڑکانہ نے کوئٹہ کی ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ٗکوئٹہ الیون نے مقررہ اوورز میں 141رنز بنائے ٗ لاڑکانہ نے مطلوبہ ہدف 16.3اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ٗآصف بابر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میں کوئٹہ اور لاڑکانہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔

کوئٹہ کے کپتان جلات خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااور مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 141رنز بنائے۔اوپنر بیٹسمین بسم اﷲ خان نے 79رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔انہوں نے اپنی باری کے دوران چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 56گیندوں کا سامنا کیا۔ان کے علاوہ رمیض راجہ21اور کپتان جلات خان17رنز ناٹ آوٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔

لاڑکانہ کی جانب سے علی اصغر نے 23رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں لاڑکانہ مطلوبہ ہدف 16.3اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔آصف بابر نے37گیندوں پر74رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا انہوں نے اپنی اننگز کے دوران پانچ چھکے اور چار چوکے بھی لگائے ان کے علاوہ جاوید بھٹو نے 27رنز بنائے۔کوئٹہ کی جانب سے کپتان جلالت خان، محمد عرفان اور شیرحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔آصف بابر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔