ایف آئی اے نے سی ڈی اے اور آئیسکو کے کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا، غیرقانونی اثاثے بنانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے خلاف مقدمہ درج،ممبر انوائرمنٹ مصطفین کاظمی کا بیان ریکارڈ

آئیسکو کے دو افسران سی ایس او نوید اقبال اور ایس ڈی مظہر اقبال کے خلاف 66لاکھ کی بدعنوانی کی کارروائی شروع

منگل 1 ستمبر 2015 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) ایف آئی اے نے سی ڈی اے او ر آئیسکو سمیت وفاقی دارالحکومت کے مختلف اداروں کے کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر کروڑوں روپے کے اثاثے بنانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ڈی اے خالد کھوکھر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، خالد کھوکھر نے سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانت کرالی،مزید گرفتاریوں کی توقع ہے، ایف آئی اے نے ممبر انوائرمنٹ مصطفین کاظمی کا بیان ریکارڈ کرلیا،آئیسکو کے دو افسران سی ایس او نوید اقبال اور ایس ڈی مظہر اقبال پر 66لاکھ کی بدعنوانی کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو ایف آئی اے نے سی ڈی اے کے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی شروع کی اور غیر قانونی کروڑوں کے اثاثے جمع کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ڈی اے خالد کھوکھر کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کرلیا، جس پر خالد کھوکھر نے سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرالی، دوسری طرف ایف آئی اے نے سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ مصطفین کاظمی کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا ہے، اس پر غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیاں دینے کا الزام ہے اور پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے کروڑوں روپے کمانے والی سی ڈی اے کی خاتون ممبر اسٹیٹ شائستہ سہیل کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایف آئی اے نے آئیسکو کے دو افسران سی ایس او نوید اقبال اور ایس ڈی مظہر اقبال پر 66لاکھ کی بدعنوانی کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہیں منگل کو ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت میں کرپشن کے خلاف تحقیقات تیز کرتے ہوئے آئیسکو کے دو افسران پر 66لاکھ کی بدعنوانی کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں، ان میں سی ایس او نوید اقبال اور ایس ڈی مظہر اقبال شامل ہیں۔ دوسری طرف ایف آئی اے نے نیشنل ٹریننگ بیورو کا ریکارڈ بھی طلب کر کے 26 لاکھ روپے کی کرپشن کے الزام میں نیشنل ٹریننگ بیورو کی ایک خاتون آفیسر رضیہ زبیرکے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز شروع کر دیا ہے

متعلقہ عنوان :