گوگل نے سرچ انجن میں ویب سائٹوں کی درجہ بندی میں اپنی اجارہ داری کا غلط استعمال کیا ہے،بھارت کا الزام

بدھ 2 ستمبر 2015 11:53

گوگل نے سرچ انجن میں ویب سائٹوں کی درجہ بندی میں اپنی اجارہ داری کا ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) بھارت کے حکام نے انٹرنیٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ گوگل پر الزام لگایا ہے کہ اس نے سرچ انجن میں ویب سائٹوں کی درجہ بندی میں اپنی اجارہ داری کا غلط استعمال کیا ہے۔پچھلے تین سال کے دوران کی جانے والی تفتیش کا محور مختلف ویب سائٹوں کی جانب سے کی جانے والی شکایات ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ گوگل نے اپنی تلاش کے نتائج میں اپنی ہی سروسز کے اشتہارات دے رکھے ہیں، جو ناجائز ہے۔

اس سے پہلے امریکہ اور یورپ میں بھی گوگل کو اس طرح کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔تاہم گوگل نے یقین ظاہر کیا ہے کہ وہ بھارت کے لگائے گئے اس الزام سے بری ہو جائے گا۔ کمپنی کے پاس انڈین کمپٹیشن کمیشن کی رپورٹ کا جواب دینے کے لیے دس دن کا وقت ہے۔

(جاری ہے)

گوگل کو پہلے ہی یورپ میں اس الزام کا سامنا ہے کہ وہ اپنے سرچ انجن پر شاپنگ ویب سائٹوں کے نتائج میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتی ہے تاکہ اپنی مخالف کمپنوں کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

یورپی ضابطہ کار اس بات کی تحقیق کر رہے ہیں کہ کیا واقعی گوگل تلاش کے نتائج میں ہیرا پھیری کر کے اپنی مخالف ویب سائٹوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے جس سے دوسری کمپنیوں کی اشتہاراتی آمدنی کم ہو سکتی ہے۔گوگل نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے، تاہم اگر وہ یورپ میں کیس ہار گیا تو اسے کئی ارب ڈالر کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ امریکی ضابطہ کاروں 2013 میں گوگل کی ان بے قاعدگیوں کی تفتیش مکمل کی تھی جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کمپنی کو ویب سائٹوں کی درجہ بندی میں کوئی خاص ردوبدل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :