کرکٹ بورڈ کے رویئے سے دلبرداشتہ سعید اجمل نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا

بدھ 2 ستمبر 2015 13:25

کرکٹ بورڈ کے رویئے سے دلبرداشتہ سعید اجمل نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) دلبرداشتہ سعید اجمل ریٹائرمنٹ پرغور کرنے لگے، آف اسپنر کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی کے پلان کا حصہ نہیں تو بتا دیا جائے تاکہ باوقار انداز میں عزت نفس کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ سکوں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بولنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد سعید اجمل رواں سال اپریل میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے لیکن بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا پائے تھے آف اسپنر کو انگلش کاوٴنٹی کرکٹ کھیل کر ردھم حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا لیکن وہاں بھی رنگ نہ جما پائے، انھوں نے 8 میچز میں 48.50کی اوسط سے صرف 16وکٹیں حاصل کیں۔

اس معیار پر سلیکٹرز مطمئن نظر نہیں آتے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کی بولنگ جانچنے کا اشارہ بھی دے چکے ہیں، سعید اجمل نے کہا کہ میں ہمیشہ میرٹ اور اپنی پرفارمنس کے بل بوتے پر کھیلا ہوں لیکن اگر پاکستان کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ قومی ٹیم کی جانب سے مزید نہیں کھیل سکتا تو اس سے درخواست کروں گا کہ مجھے بتادیں، یوں میں باوقار انداز سے عزت نفس کے ساتھ ریٹائر ہوسکوں گا۔

متعلقہ عنوان :