لاعلم پی سی بی نے پابندی کے شکار جمیل احمد کو کراچی بلیوز کا منیجر سمجھ لیا

بدھ 2 ستمبر 2015 18:05

لاعلم پی سی بی نے پابندی کے شکار جمیل احمد کو کراچی بلیوز کا منیجر سمجھ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے مختلف شعبوں میں رابطے کا فقدان دکھائی دیتا ہے۔ اسی سبب اس کے فیصلے جگ ہنسائی کا سبب بنتے ہیں اور بد انتظامی کی نت نئی روایات سامنے آتی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ جانب سے پیر کو کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد کو ٹیم منیجر تصور کرتے ہوئے قومی ٹی 20 کے کوالی فائنگ راؤنڈ کے لئے ڈیڑھ درجن گیندیں ارسال کی گئیں حالانکہ کراچی اور پی سی بی کے درمیان دو ٹیموں کو کھلانے پر سر د جنگ چل رہی ہے۔

کراچی کی دونوں ٹیمیں بورڈ نے منتخب کی ہیں اور کے سی سی اے نے ٹیموں کے لئے اپنے منیجر بھیجنے سے بھی انکار کردیا تھا۔ دلچسپ بات ہے کہ یہ وہی جمیل احمد ہیں جن پر بورڈ مخالف تقاریر کی وجہ سے نیشنل سٹیڈیم میں داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ جمیل احمد نے میڈیا کو تصدیق کی انہیں 18گیندوں کا پیکٹ ملا ہے اور انہوں نے یہ گیندیں کے سی سی اے کے سیکریٹری شفیق کاظمی کو دے دی ہیں۔