آئندہ پنجاب یوتھ فیسٹیول رنگا رنگ ہوگا، دنیا بھر سے فیملیز دیکھنے آئیں گی، رانا مشہود احمد

اولمپکس اور ورلڈ کپ دیکھنے کیلئے جس طرح دنیا بھر سے لوگ جاتے ہیں اسی طرح بہت سے ممالک فیسٹیول کے لئے رابطہ کررہے ہیں 5ستمبر کو شروع ہونیوالے موٹر سپورٹس کے ایونٹ میں پنجاب سے 170نوجوان موٹر سپورٹس میں حصہ لے رہے ہیں‘ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور پاکستان میں بہت پیار ملا،موٹر سپورٹس میں تعاون کرینگے، ترکی کے موٹر سائیکلسٹ کی ٹاسکن یوردایکدم اور پلاٹ اوزین کی نیشنل ہاکی سٹیڈیم آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 ستمبر 2015 21:08

آئندہ پنجاب یوتھ فیسٹیول رنگا رنگ ہوگا، دنیا بھر سے فیملیز دیکھنے آئیں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ مستقبل میں ہونیوالا پنجاب یوتھ فیسٹیول بہت رنگا رنگ ہوگا جس طرح دنیا بھر میں لوگ اولمپکس، ورلڈ کپ وغیرہ دیکھنے جاتے ہیں بالکل اسی طرح دنیا بھر سے فیملیز اس بار پنجاب یوتھ فیسٹیول دیکھنے کیلئے پاکستان آئیں گی، بہت سے ممالک اس سلسلہ میں رابطہ میں ہیں، پنجاب حکومت کی سپورٹس پالیسی کے باعث دنیا بھر سے کھلاڑی اب پاکستان آ رہے ہیں، سپورٹس کے فروغ اور ترقی کیلئے ہمیشہ کی طرح تعاون کرتے رہیں گے، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں موٹر سپورٹس کے مزید ایونٹس بھی شامل کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ترکی سے موٹر سائیکل پر پاکستان آنیوالے نوجوانوں کی سپورٹس بورڈپنجاب آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں موٹر سپورٹس کے ایونٹس منعقد کئے تھے یہ اسی سفر کی بدولت ہے کہ آج دنیا بھر سے کھلاڑی بلاخوف و خطر آرہے ہیں، ترکی ہمارا بردار اسلامی ملک ہے، جن کے ساتھ پہلے ہی بہت سے شعبوں میں مل کر کام کررہے ہیں ، اب خوشی ہے کہ سپورٹس کے شعبہ میں بھی یہ تعاون آگے بڑھ رہا ہے۔

ترکی کے نوجوانوں کا زندہ دلان لاہور کے شہر میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں یہ نوجوان ایران کے راستے تافتان کی سرحد سے بلوچستان سے ہوتے ہوئے لاہور پہنچے ہیں۔ موٹر سپورٹس کے ایونٹ میں یہ نوجوان شرکت کررہے ہیں جس سے پاکستان کے نوجوانوں میں بھی موٹر سپورٹس کا کھیل فروغ پائے گا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری میں 5ستمبر کو شروع ہونیوالے موٹر سپورٹس کے ایونٹ میں پنجاب سے 170نوجوان موٹر سپورٹس میں حصہ لے رہے ہیں اس کے علاوہ آسٹریلیا سے بھی نوجوان اس میں شریک ہورہے ہیں۔

اس ایونٹ کے انعقاد سے ہماری یوتھ میں بھی موٹر سپورٹس کا شوق پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہمیشہ کی طرح سپورٹس کے فروغ کیلئے سپورٹس فیڈریشنز اور ایسویسی ایشنز سے تعاون جاری رکھے گا۔نئے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں عالمی ایونٹس بھی شامل کررہے ہیں۔ترکی کے موٹر سائیکلسٹس ٹاسکن یوردایکدم اور پولاٹ اوزین نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں، یہاں آکر کسی قسم کا کوئی خوف نہیں رہا، پاکستان میں داخل ہوتے ہی حکومت پاکستان نے مکمل سکیورٹی اور تمام سہولتیں فراہم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی لوگوں سے ملے پنجاب میں بھی لوگوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں ہمیں ہر جگہ بہت محبت ملی ہیں، یہاں ملنے والی محبت ہماری زندگی کا سرمایہ بن گئی ہے۔ پاکستان کے عوام بہت ملنسار، پیار کرنے والے او رمہمان نواز ہیں، پاکستان سے مل کر موٹر سپورٹس کے مقابلوں منعقد کریں گے۔