ٹوکیو 2020ء اولمپکس لوگو کے چوری الزامات

جمعرات 3 ستمبر 2015 11:46

ٹوکیو 2020ء اولمپکس لوگو کے چوری الزامات

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)ٹوکیو کے سنہ 2020 اولمپکس لوگو کا خیال چوری کرنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد جاپان کے سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تیار کردہ ڈیزائن پوسٹ کرنا شروع کر دیے ہیں۔جاپان میں سرقے کے الزامات کے بعد پرانے اولمپکس لوگو کو ترک کر دیا گیا، جس کے بعد ہیش ٹیگ ’unofficialemblem‘ ٹرینڈ کرنا شروع ہو گیا۔ٹوکیو اولمپکس کے بارے میں ایک مشورہ یہ دیا جا رہا ہے کہ اولمپکس کی بولی کے دوران دیا جانے والا لوگو دوبارہ استعمال کیا جائے۔

جاپان کی جانب سے اولمپکس کی بولی کے دوران دیے جانے والے اس لوگو کو آئی شیمامینے نامی طالبہ نے تیار کیا تھا۔ اس لوگو میں جاپان کی پہچان چیری کے پھول دکھائے گئے ہیں۔تاہم پھولوں کا یہ ہار کسی حد تک المیے کی علامت بھی ہے کیوں کہ اس قسم کا ہار قبروں پر رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آئی شیمامینے نے بھی ایک انٹرویو میں بتایا کہ انھیں اس لوگو کا خیال ایک بے نام فلم دیکھنے کے بعد آیا جس میں ایک قبر پر اس قسم کے پھول پڑے ہوئے تھے۔

تاہم جاپان کی اولمپکس کمیٹی کے سربراہ مساتو مزونو کا کہنا ہے کہ آئی شیمامینے کے لوگو میں امید کی کرن دکھائی گئی ہے کیوں کہ یہ واپس لوٹ آنے کی علامت بھی ہے، جس کے دو معنی لیے جا سکتے ہیں، ایک تو اولمپکس کا جاپان لوٹ کر آنا اور دوسرے فوکوشیما حادثے کے بعد جاپانی معاشرے کا دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہونا۔جاپان کے سوشل میڈیا پر کان کان نامی مصور کی جانب سے دیے جانے والے لوگو کو بہت زیادہ شیئر کیا گیا جس میں ایک سرخ دستی پنکھا دکھایا گیا ہے۔ کان کان کا کہنا ہے کہ دستی پنکھا اچھی قسمت کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ جاپانی روایت کا حصہ ہے۔