اداکاری کے بعد ماڈل ثروت گیلانی کا فلم پروڈکشن میں آنے کا فیصلہ

جمعرات 3 ستمبر 2015 12:40

اداکاری کے بعد ماڈل ثروت گیلانی کا فلم پروڈکشن میں آنے کا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) اداکارہ وماڈل ثروت گیلانی نے بھی فلم پروڈکشن کے میدان میں آنے کا فیصلہ کرلیا، ان دنوں اسکرپٹ کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔تفصیل کے مطابق ثروت گیلانی جن کا شمار ٹی وی کی معروف اداکاراوٴں اور ماڈلز میں ہوتا ہے،جنہوں نے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا بعدازاں بطور اداکارہ ٹی وی ڈرامہ سیریلز جلوہ گر ہوئیں۔

ان ڈرامہ سیریلز میں اپنی جاندار پرفارمنس سے کچھ عرصہ میں ہی شوبز حلقوں کی جانی پہچانی شخصیت بن گئیں۔ وہ اداکارہ ہونے کے ساتھ اسپیشل بچوں کی اولمپکس گیمز کی برانڈ ایمبسڈر بھی ہیں ۔انہوں نے اداکار وپروڈیوسر ہمایوں سعید کی فلم میں بھی کام کیا ہے جو عیدالضحی پر سینماوٴں کی زینت بنے گی۔ اداکارہ وماڈل ثروت گیلانی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کے حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں،پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی ہماری فلموں کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

میرے ذہن میں ایک آئیڈیا ہے جس پر کام کر رہی ہوں اسی موضوع پر فلم بناوٴں گی اور انشاء اللہ جلد ہی فلم بین اسے پردہ اسکرین پر دیکھیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فلم کراچی ، لاہور ، اسلام آباد سمیت جہاں کہیں بھی بنے وہ پاکستانی فلم ہی ہے ۔ فلم انڈسٹری جو ابھی نوزائیدہ بچہ ہی ہے اس کو لابی سسٹم اور علاقائی تعصب کا شکار کرنے کے بجائے بھرپور طریقے سے پرورش کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ بھارت میں ہندی سمیت کتنی زبانوں میں فلمیں بنتی ہیں، مگر وہ اسے بالی ووڈ کی ہی فلم کہتے ہیں۔ہمیں بھی نیشنل ازم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی فلم کی پروموشن اور ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔انھوں نے بتایا کہ ان دنوں اسپیشل بچوں کی فنڈ ریزنگ کے لیے بطور ڈائریکٹر تھیٹر کی تیاری کر رہی ہوں جو 27ستمبر سے کراچی آرٹس کونسل میں شروع ہوگا اور دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس تھیٹر سے حاصل ہونے والی آمدنی اسپیشل بچوں کے فنڈ میں جمع کروائی جائے گی۔ سال رواں میں اسپیشل اولمپیکس گیمز میں ان بچوں نے میڈلز حاصل کیے۔