طلبا کی خود کشی، دونوں طلبا کے بیگز میں سے مزید خطوط اور ڈرائنگ بر آمد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 ستمبر 2015 12:40

طلبا کی خود کشی، دونوں طلبا کے بیگز میں سے مزید خطوط اور ڈرائنگ بر آمد

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 03 ستمبر 2015 ء): سولجر بازار کے علاقے پٹیل پاڑہ میں واقع ایک سرکاری اسکول میں منگل کو جان کی بازی ہارنے والے نوعمر طلبہ کے ہاتھ سے لکھے گئے خطوط بر آًمد ہوئے جن کے بعد ان کے بیگز سے کچھ ڈرائنگز بھی بر آمد ہوئی ہیں . پولیس کے مطابق ڈرائنگز کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے. پولیس اس واقعے کی تفتیش خودکشی کے کیس کے حوالے سے کر رہی ہے.خیال رہے کہ 16 سالہ نوروز نے رواں ہفتے منگل کو اسکول میں اپنی ہم جماعت 15 سالہ فاطمہ بشیر عرف صباء کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی، خود کشی سے قبل دونوں نے خطوط بھی چھوڑے تھے کہ ان کے والدین ان کی شادی کے لیے راضی نہیں ہوں گے اس لیے وہ اپنی مرضی سے خود کشی کر رہے ہیں.

(جاری ہے)

جمشید ٹاؤن کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اختر فاروق کے مطابق پولیس کو لڑکے کے اسکول بیگ میں سے ہاتھ سے لکھے ہوئے مزید خطوط اور کچھ ڈرائنگز ملی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے شدید محبت کرتے تھے.ایس پی اختر فاروق کے مطابق ان خطوط سے یہ پتہ چلتا ہے کہ دونوں کم سن طلبا نے خود کشی اچانک نہیں کی بلکہ اس کے لیے انہوں نے کئی دن پہلے سے منصوبہ بندی کی، ایک خط میں لڑکے نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ ایک خط سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کی ایک دوسرے کے لیے پسندیدگی محض ایک سال ہی پرانی ہے، انہوں نے بتایا کہ لڑکے کے بیگ سے ملنے والی ایک ڈرائنگ میں اُس نے اپنے اور فاطمہ کے نمازِ جنازہ کی منظر کشی بھی کی ہے جو کہ ان کے مضبوط ارادے اور جذبات کی عکاسی ہے.