اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن ایکٹ کے تحت افغان باشندوں سے متعلق وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 3 ستمبر 2015 15:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن ایکٹ کے تحت افغان باشندوں سے متعلق وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں افغان باشندوں کو ضمانت منظوری کے باوجود رہا نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں اڈیالہ جیل میں قید افغان باشندے سید حبیب کی جانب سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ ملک حبیب عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ضمانت منظور ہونے کے باوجود افغان باشندوں کو رہا نہیں کر رہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ افغان باشندوں کی رہائی سے متعلق حکومت کی کیا پالیسی ہے، عدالت نے فارن ایکٹ کے تحت افغان باشندوں سے متعلق وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔