بنگلہ دیش کی 4 رکنی سیکیورٹی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی

جمعہ 4 ستمبر 2015 12:04

بنگلہ دیش کی 4 رکنی سیکیورٹی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی

ڈھاکہ/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء)بنگلہ دیش کی 4 رکنی سیکیورٹی ٹیم کل ہفتے کو پاکستان پہنچے گی ‘اس کی کلیئرنس پر رواں ماہ کے آخر میں ویمنز ٹیم کا ٹور شیڈول ہوگا جبکہ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے ایک بار پھر واضح کیاکہ دسمبر میں یو اے ای میں گرین شرٹس سے سیریز کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ویمنز ٹیم کے دورے سے قبل پاکستانی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی جو ہفتے کو روانہ ہوگی۔

بورڈ کے صدر نظم الحسن کے مطابق چار رکنی وفد ہفتے کو پاکستان روانہ ہورہا ہے، اگر اس نے ہر چیز بہتر پائی تو پھر ہماری خواتین ٹیم رواں ماہ کے آخر میں وہاں کا دورہ کرے گی۔انھوں نے دسمبر میں پاکستان کے ساتھ سیریز کا امکان ایک بار پھر رد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ہمیں غیررسمی طور پر یو اے ای میں سیریز کی تجویز بھیجی گئی تھی تاہم میں نہیں سمجھتا کہ ہماری ٹیم وہاں جائے گی کیونکہ اس عرصے میں ہماری بی پی ایل شیڈول ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 25 نومبر سے 25 دسمبر تک جاری رہے گی۔ نظم الحسن نے اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ فرنچائزز کی خریداری کیلئے پانچ کمپنیز نے مطلوبہ دستاویزات اور بینک گارنٹی وغیرہ جمع کرادی ہے، انھوں نے کہاکہ پانچ دیگر کمپنیز بھی لائن میں موجود ہیں دونے ہم سے پے آرڈر اور بینک گارنٹی کیلئے رقم کے بندوبست کی خاطر وقت مانگا ‘2کے مالکان ملک سے باہر ہیں، ایک پرانی کمپنی بھی واجبات ادا کرنے کے بعد اب پھر ٹیم خریدنے کیلیے رابطہ کررہی ہے۔