الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے قوانین میں خامیاں دور کرنے کیلئے پنجاب اور سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنرز کی سربراہی میں دو کمیٹیاں قائم کردیں

جمعہ 4 ستمبر 2015 12:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے قوانین میں خامیاں دور کرنے کے لئے پنجاب اور سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنرز کی سربراہی میں دو کمیٹیاں قائم کردیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے قوانین میں خامیاں دور کرنے کے لئے دو کمیٹیاں قائم کردی گئیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر کمیٹیوں کے سربراہ مقرر کئے گئے ہیں۔

کمیٹیوں میں دونوں صوبوں کے لوکل گورنمنٹ اور وزارت قانون کے سیکرٹری بھی شامل ہونگے۔ کمیٹیاں بلدیاتی انتخابات کے قوانین میں خامیوں کو دور کریں گی۔ دونوں کمیٹیوں کو ہر اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔