یوایس اوپن ٹینس‘پاکستانی اسٹار اعصام الحق کا فاتحانہ آغاز

جمعہ 4 ستمبر 2015 12:57

یوایس اوپن ٹینس‘پاکستانی اسٹار اعصام الحق کا فاتحانہ آغاز

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء)پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی اور جائلز مولر نے یوایس اوپن ٹینس ڈبلز کا فاتحانہ آغاز کیا اور سربین جوڑی ڈوسان لیووچ اور وکٹر ٹروچی کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دیدی۔اعصام الحق قریشی ٹینس گرینڈ سلم فائنل کھیلنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔اعصام الحق دوہزاردس کے یوایس اوپن مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

نیویارک میں جاری سیزن کے چوتھے گرینڈ سلم مینز ڈبلز میں اس بار اعصام الحق کے پارٹنر لکسمبرگ کے جائلز مولر ہیں۔ اعصام اور جائلز کی جوڑی یوایس اوپن کا فاتحانہ آغاز کرنے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے سربین پیئر ڈوسان لیووچ اور وکٹر ٹروچی کو باآسانی اسٹریٹ سیٹ میں شکست دیدی۔ پہلے سیٹ میں اعصام الحق اور جائلز مولر نے صرف دو گیمز ڈراپ کئے اور چھ دو کے اسکور سے کامیاب ہوئے۔دوسرے سیٹ میں انہوں نے ایک گیم زیادہ ڈراپ کیا اور چھ تین کی فتح کے ساتھ دوسرے راوٴنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔