سینڈک منصوبے کی سربراہ کی تعیناتی، نیب نے یوسف رضا گیلانی،اسلم رئیسانی کوطلب کر لیا

جمعہ 4 ستمبر 2015 15:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کو قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سردار رازق سنجرانی کو2010ء میں سینڈک منصوبہ کا سربراہ تعینات کرنے پر طلب کرلیا ہے،نیب کی طرف سے جاری ہدایات نامہ میں سابق وزیراعظم گیلانی اور اسلم رئیسانی کو سینڈک منصوبہ کے سربراہ کو قواعد وضوابط سے ہٹ کر تعینات کرنے پر اپنا مؤقف اور بیان درج کرانے کیلئے طلب کیا ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں واقع سینڈک منصوبہ قومی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے اور سینڈک کے علاقہ میں بھاری تعداد میں سونا موجود ہے۔آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم گیلانی نے سیاسی بنیادوں پر سردار رازق سنجرانی کو تعینات کیا تھا جو مطلوبہ تعلیمی معیار پر بھی پورا نہیں اترتا تھا۔وزیراعظم گیلانی کا دور کرپشن،اقرباء پروری اور بدانتظامی کی وجہ سے مشہور ہے اور اربوں روپے کی کرپشن کے سکینڈل سامنے آچکے ہیں۔یوسف رضا گیلانی پر پہلے ہی اربوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس بنائے گئے ہیں اور یہ ریفرنس ایک نیا ریفرنس ہوگا